دہشت گردی جہاں بھی ہو قابل مذمت ہے علامہ احمد لدھیانوی

ملک اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، وفاقی حکومت ناکام ہوچکی

. فوٹو: رائٹرز

اہلسنّت و الجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی ملک میں جہاں کہیں بھی ہو قابل مذمت ہے۔

دہشت گردی کے واقعات حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے ترجمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہاکہ ملک اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، دہشت گردی کی روک تھام میں وفاقی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جبکہ کراچی میں آئے روز اہلسنّت علما اور اہلسنّت عوام کا قتل عام ابھی تک جاری ہے۔




انھوں نے کہاکہ احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں ملک بھر کی کروڑوں عوام کو یرغمال بنا دینا انتہائی افسوسناک ہے،انھوں نے کہاکہ 2013سال کے صرف ڈیڑھ ماہ کے اندر اب تک کراچی میں درجنوں اہلسنت کارکنان کو موت کی نیند سلایا جا چکا ہے لیکن قاتل آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔

مفتی عبدالمجید دینپوری کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد قاتلوں کا گرفتار نہ ہوناسمجھ سے بالاتر ہے،دریں اثنا اہلسنّت و الجماعت کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات علامہ اورنگزیب فاروقی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں اہلسنّت کے پے در پے قتل پر حکومتی اورسیاسی جماعتوں کی خاموشی المیہ ہے، روزانہ کئی اہلسنت نوجوانوں اور بزرگوں کو موت کی نیند سلا دیا جاتا ہے، انھوں نے پٹیل پاڑہ جامع مسجد سبحانی کے نمازیوں پرفائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انھوں نے کہاکہ ظلم کہیں بھی ہو وہ قابل مذمت ہے۔
Load Next Story