آرمی چیف نے چار دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی آئی ایس پی آر

موت کی سزا پانے والے دہشت گرد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث ہیں، آئی ایس پی آر

فوجی عدالتوں کے ذریعے اب تک درجنوں دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایاجاچکا ہے۔ فوٹو: فائل

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کالعدم تنظیموں کے 4 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے 4 اہم دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ موت کی سزا پانے والے دہشت گردوں میں ریاض احمد، حفیظ الرحمان، محمد سلیم اور کفایت اللہ شامل ہیں اور چاروں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر غور

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں اور مجموعی طور پر 16 افراد کو قتل جب کہ 8 افراد کو زخمی کیا، چاروں دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے اور انہوں نے فوجی عدالتوں کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا جس پر فوجی عدالتوں نے انہیں کو سزائے موت کا حکم دیا جب کہ مزید 23 مجرموں کو مختلف مدت کی قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ریاض احمد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں پر حملوں اور گورنمنٹ مڈل اسکول علی گرامہ کو تباہ کرنے میں ملوث ہے۔ دہشت گرد حفیظ الرحمان 3 شہریوں کے قتل اور محمد سلیم مسلح افواج پر حملے میں ملوث رہا ہے جس میں 4 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ جب کہ دہشت گرد کفایت اللہ بھی مسلح افواج پر حملے میں ملوث ثابت ہوا۔
Load Next Story