عمران خان نے سانحہ کوئٹہ کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا

آئین کے تحت فوج طلب کی جاسکتی ہے، دھماکے کی ذمے داری حکومت پر عائد ہوتی ہے

فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے قتل عام کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کی ذمے داری وفاقی حکومت اور گورنربلوچستان پر عائد ہوتی ہے ۔

چیف جسٹس واقعے کا ازخود نوٹس لیں اور حکومت شہداکے لواحقین کی مالی امداد کا اعلان کرے،اگر سول حکومت چاہے تو آئین کے تحت بلوچستان میں فوج کو طلب کیا جاسکتا ہے ، وہ یہاں مخدوم جاوید ہاشمی ، مخدوم شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر عارف علوی اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ عمران خان نے کہا لشکر جھنگوی نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی، انہیں کہتا ہوں اسلام امن کا نام ہے ۔




اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں ایسے واقعات پر قوم سخت شرمندہ ہے ، انھوں نے کہا کہ لاہور میں شوکت خانم اسپتال کے سابق کنسلٹنٹ ڈاکٹر علی حیدر اور اس کے گیارہ سالہ بیٹے کو شیعہ ہونے کی وجہ سے قتل کردیا گیا۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردانہ کاروائیوں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کی کفالت کی ذمہ داری لے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 245کے مطابق اگر سول حکومت چاہے تو امن وامان کیلیے فوج کو طلب کیا جاسکتا ہے اور یہ مطالبہ کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی بھی کررہی ہے ۔

اس سے پہلے عمران خان نے پریس کلب کے باہر محسود قبائل کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور ان سے اظہار یکجہتی کیا ۔ دریں اثناء عمران خان نے پشاورمیں خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر پر دہشتگردانہ حملہ کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
Load Next Story