قائداعظم محمد علی جناح کا 69 واں یوم وفات

تجدید عہد کرتے ہیں قائد کے اصولوں پر کاربند رہیں گے، صدر، وزیراعظم کاپیغام

تجدید عہد کرتے ہیں قائد کے اصولوں پر کاربند رہیں گے، صدر، وزیراعظم کاپیغام۔ فوٹو: فائل

بابائے قوم و بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 69واں یوم وفات آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

آج مختلف تقریبات میں بابائے قوم کو بھر پور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بانی پاکستان کی روح کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی کی گئی، قائد اعظم کے مزار پرسیاسی شخصیات، مسلح افواج کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ بابائے قوم کے یوم وفات کے سلسلے میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں سیمینارز، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔


قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 69 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ قائداعظم راستبازی، دیانتداری، جرأت و بہادری اورعزم و استقلال جیسی خوبیوں کے حامل تھے۔ قائداعظم کے اتحاد ، یقین محکم اور نظم وضبط کے اصولوں پرعملدرآمدکی ضرورت جس قدر آج ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہاکہ قائداعظم ساری زندگی جمہوری اصولوں کی سر بلندی اور قانون کی حکمرانی کیلیے اپنے نصب العین پرکار بند رہے۔ آج بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم قائد اعظم کے اتحاد، یقین محکم اور نظم و ضبط کے اصولوں پرعمل پیرا رہنے کا عزم کریں۔
Load Next Story