کرکٹ کے بعد ٹینس میدان بھی سجنے لگے

ڈیوس کپ ٹائی فائنل کیلیے تھائی لینڈ کی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی، مقابلوں کا آغاز 15 ستمبر سے ہو گا

پاکستانی پلیئرز عمدہ کارکردگی کیلیے پرعزم۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے ساتھ ڈیوس کپ ٹائی کے فائنل میں شرکت کیلیے تھائی لینڈ کی ٹیم پیر کو پاکستان پہنچے گی۔

پاکستان آرمی کے ضرب عضب اور ردالفساد کے کامیاب آپریشنز کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اور انٹرنیشنل ٹیموں کی پاکستان میں آمد شروع ہوگئی ہے، کرکٹ کی ورلڈ الیون کے بعد تھائی لینڈ کی ٹینس ٹیم بھی ڈیوس کپ ٹائی کے فائنل مقابلوں میں حصہ لینے کیلیے پیر کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔ تھائی لینڈ ٹینس فیڈریشن کے صدر بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے، 5 رکنی میڈیا ٹیم بھی مہمان دستہ کے ساتھ ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی 15 سے 17ستمبر تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹ پر کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ڈراز کا اعلان منگل 12ستمبر کوکیا جائیگا جبکہ 15ستمبر ٹائی کے پہلے روز دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان سنگلز کے مقابلے کھیلے جائینگے، دوسرے روز ڈبلز جبکہ تیسرے اور آخری روز ریورس سنگلز کے مقابلے ہونگے۔


مزید معلوم ہوا ہے کہ تھائی لینڈ اور پاکستانی ٹینس کھلاڑیوں کیلیے الگ الگ پریکٹس کورٹس پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں تیار کر لیے گئے ہیں جبکہ مین گراس کورٹ پر دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کے میچ کھیلے جائینگے، دونوں ٹیمیں منگل سے اسلام آباد میں باقاعدہ اپنی پریکٹس کا آغاز کریں گی جبکہ مین گراس کورٹ پر دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کے میچ کھیلے جائینگے۔

ادھر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری ثنا اللہ امان کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کی ٹیم کیلیے سیکیورٹی کے بھر پور انتظامات کیے گئے ہیں، ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد دنیا بھر کو یہ پیغام جائیگا کہ کھیلوں کے حوالے سے پاکستان پر امن ملک ہے، انھوں نے کہاکہ ایونٹ کی تیاری کیلیے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے اور محمد خالد کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

سیکریٹری ثنا اللہ امان نے کہا کہ تھائی لینڈکی ٹیم بھی باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اس لیے دونوں ممالک کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ انھوں نے کہاکہ عقیل خان اور اعصام الحق گراس کورٹ پر اچھا ٹینس کھیلتے ہیں امید رکھتے ہیں کہ قومی ٹیم میزبانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھائی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کریگی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق اور عقیل خان کو گراس کورٹ پر ایڈوانٹیج حاصل ہے جس کی وجہ سے ہوم ٹائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان نے ڈیوس کپ ٹائی کے فائنل کیلیے گراس کورٹ تیار کیا ہے۔

 
Load Next Story