کراچی میں فائرنگ 10 افراد ہلاک شرپسندوں نے 5 گاڑیاں جلا دیں

اورنگی میں متحدہ کاکارکن،بھینس کالونی میں فیکٹری کاایم ڈی ہلاک،قائدآبادمیں فائرنگ، 4افرادمارے گئے

کورنگی،ایئرپورٹ،بلدیہ ،سہراب گوٹھ میں4ہلاکتیں،8زخمی،کھارادر،ملیر،رضویہ،گرومندر،نمائش،صدر ودیگرعلاقوں میںہنگامے۔ فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے ایم ڈی اورمتحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت10افرادہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے جبکہ نامعلوم افرادنے ہنگامہ آرائی کے دوران5گاڑیاں نذرآتش کردیں۔

مختلف مقامات پرپولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں پولیس کی جانب سے شیلنگ اورلاٹھی چارج کیاگیا،مظاہرین نے سڑکوں پرٹائر جلائے اورپتھرائوکیا۔تفصیلات کے مطابق بھینس کالونی میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے ایم ڈی60سالہ ارشدپرویزہلاک جبکہ فیکٹری کے جنرل منیجر کاشف قزلباش زخمی ہوگیا، مقتول گلستان جوہربلاک 20 کے رہائشی تھے،پولیس کے مطابق واقعہ فیکٹری کے اندرونی معاملات کا شاخسانہ لگتاہے،مقتول کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ارشد پرویزانتہائی دیانتداری اورمکمل ایمانداری کے ساتھ فیکٹری کے معاملات چلارہے تھے لیکن کچھ دنوں سے وہ انتہائی پریشان تھے اوروہ دبائو کاشکار تھے جس کی وجہ سے انھیں متعددمرتبہ نوکری چھوڑنے کابھی مشورہ دیالیکن قاتلوں نے انھیں اتنی مہلت نہیں دی ۔

اہل خانہ نے صدر زرداری،الطاف حسین اورانتظامیہ کے دیگرافسران سے مطالبہ کیاکہ ارشدپرویزکے قاتلوںکو گرفتار کیا جائے۔کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں کارپرمسلح افراد کی فائرنگ سے 65 سالہ اعجاز احمدصدیقی ہلاک ہو گیا،مقتول نیو کراچی کا رہائشی تھا۔ایئرپورٹ کے علاقے میں فلک نازاپارٹمنٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت 25 سالہ سید صفدر علی کاظمی کے نام سے ہوئی،وہ ماڈل کالونی کارہائشی تھا۔اورنگی کے علاقے گلشن بہار16نمبر پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 121-B کاکارکن 42 سالہ توقیرحسین ہلاک جبکہ فائرنگ کی زدمیں آکر38سالہ ترنم بانوزوجہ مشرف اور 36 سالہ طارق زخمی ہو گیا۔

قائدآبادمیں واقع امین موبائل مارکیٹ میں دکان پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،ملزم فائرنگ کے بعدفرار ہوتے ہوئے شرافی گوٹھ میںکپڑے کی مارکیٹ میںگھس گیا، اس دوران اس کی فائرنگ سے مزید3 افرادہلاک اور4زخمی ہوگئے۔مقتولین کی شناخت35سالہ سعیدخان،38سالہ شاہجہاں،55سالہ محمد صدیق اور 35 سالہ ارشدکے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں30سالہ ذیشان، 18سالہ جواد علی طاہر ،55 سالہ محمد توفیق جبکہ 30 سالہ محمد علی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا سعید ملزم اسماعیل کابھائی ہے اور اس نے گھریلو جھگڑے کی بنیاد پ اسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا جبکہ فرارکے دوران بھی اس نے فائرنگ کرکے دیگر افراد کوبھی ہلاک کردیا۔




سہراب گوٹھ کے علاقے سکھیا گوٹھ میں واقع دودھ کی دکان پر فائرنگ سے 35 سالہ غلام رسول ہلاک ہوگیا، مقتول ایوب گوٹھ کارہائشی ،محنت کش اور اس کا آبائی تعلق جیکب آباد سے تھا۔پولیس واقعے کوذاتی دشمنی قراردے رہی ہے۔ملیرسٹی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ زین العابدین ، نبی بخش کے علاقے میں 42 سالہ اعجاز احمد اور فلمستان سینماکے قریب 28 سالہ ابرہیم زخمی ہوگئے۔ناظم آباد کے علاقے گول مارکیٹ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن سید عاصم جعفری شدید زخمی ہوگیا،اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ایئرپورٹ کے علاقے چھوٹا گیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ ذوالفقار زخمی ہوگیا ۔

منگل کوایئرپورٹ ،ناتھا خان ، ملیر ، ملیر سٹی ، گولیمار ، رضویہ سوسائٹی ، واٹر پمپ ، عائشہ منزل ، انچولی سوسائٹی ،لسبیلہ ، گرومندر ، نمائش چورنگی ، نیو پریڈی اسٹریٹ ، کھارادر ، ٹاور ، اورنگی ٹائون اور دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد نے شدید ہنگامہ آرائی کی اور سڑکوں پرٹائر جلائے جبکہ رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بھی معطل کر دی،مختلف علاقوں میں گاڑیوں پر پتھرائو بھی کیاگیاجس سے متعدد افراد معمولی زخمی ہوگئے۔کھارادر میں نامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل کو آگ لگادی،شدید فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھااورعلاقہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے،پولیس نے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے،اس دوران فائرنگ کی زدمیں آکر 23 سالہ کامران اور 18 سالہ حسنین رضا زخمی ہو گئے، پولیس اور نامعلوم افراد کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہاجس کے باعث ٹاور ، ایم اے جناح روڈ ، میکلوروڈ ، نیٹی جیٹی پل اور دیگر متصل شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

نارتھ کراچی پاورہائوس میں بھی نامعلوم افرادنے مرکزی سڑک پرٹائرجلائے اوررکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک ٹریفک کیلیے بندکردی۔لیاقت آباد ، ناظم آباد ، گولیمار چورنگی ، انچولی ، واٹر پمپ ،عائشہ منزل اور متصل شاہراہوں پر بھی نامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کی جس سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ،لسبیلہ چوک پرنامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے گرومندرتک تمام دکانیں و کاروباری مراکز بند کرادیے،اس دوران پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی،پولیس اورنامعلوم افراد کے درمیان بھی فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، اس دوران آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے گئے ،ہنگامہ آرائی کے دوران نامعلوم افرادنے لسبیلہ چوک پر ایک موٹر سائیکل نذر آتش کردی ، پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔

ایئرپورٹ کے قریب ناتھا خان ، اسٹار گیٹ ، ملیر ، ملیر15، فلک ناز اپارٹمنٹ اور پی آئی اے ٹائون شپ کے قریب بھی نامعلوم افراد نے سڑک پر پتھرائو کیا جس سے ٹریفک معطل ہوگیا۔پی آئی اے ٹائون شپ کے قریب بھی نامعلوم افراد نے 2 موٹرسائیکلیں جلا ڈالیں۔ مزار قائد کے قریب نیو پریڈی اسٹریٹ پر بھی نامعلوم افراد نے ایک مسافرکوچ کو آگ لگادی۔اورنگی ٹائون میں بھی نامعلوم افراد کی ہنگامہ آرائی کے باعث سڑک ٹریفک کیلیے بند ہوگئی،بعدازاں پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پرقابوپایا۔بلدیہ ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے کار میں سوار 2 افراد غلام نبی اور منیر شدید زخمی ہو گئے جنھیں فوری طبی امدا دکیلیے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں غلام نبی زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

Recommended Stories

Load Next Story