دلیپ کماراورسائرہ بانو کو11 سال بعد گھر واپس مل گیا

دلیپ کماراور میں آج اپنی جائیداد ملنے پر بہت خوش ہیں جس پر سالوں سے مافیا نے قبضہ کررکھا تھا،سائرہ بانو

سائرہ بانو اور دلیپ کمار کے بنگلے کاکیس گزشتہ 11 سال سے عدالت میں زیر سماعت تھا؛فوٹوفائل

بھارتی عدالت نے بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کماراوران کی اہلیہ سائرہ بانو کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے 11 سال بعد ان کے گھر کی چابیاں لوٹادیں۔

اداکاردلیپ کمارنے تقریباً11 سال قبل 2006 میں ممبئی کے علاقے پالی ہل میں موجود اپنے 2ہزار412 مربع گز کے بنگلے کی تزئین وآرائش کے لیے ایک رئیل اسٹیٹ فرم پراجیتا ڈیولپرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا لیکن رئیل اسٹیٹ کمپنی نےمعاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کی جائیداد پر قبضہ کرلیا جس کا کیس گزشتہ 11 سال سے عدالت میں زیرسماعت تھا۔



تاہم گزشتہ روزعدالت نے کیس کا فیصلہ دلیپ کمار کے حق میں دیتے ہوئے چابیاں دلیپ کمار اور سائرہ بانو کے حوالے کرنے کا حکم جاری کیا، سائرہ بانو فیصلہ سن کراپنی خوشی پر قابو نہ رکھ سکیں اور فوراً یہ خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔




سائرہ بانو نے ٹوئٹرپراپنے گھر کی چابیاں ہاتھ میں لیتے ہوئے تصویر شیئرکی اورلکھا کہ صاحب(دلیپ کمار) اور میں آج اپنی جائیداد ملنے پر بہت خوش ہیں جس پر برسوں سے قبضہ مافیا نے قبضہ کررکھا تھا، ساتھ میں انہوں نے دعائیں کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔



اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارتی سپریم کورٹ کا دلیپ کمار کو 20 کروڑ ادا کرنے کا حکم

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی کیس میں بھارتی عدالت نے دلیپ کمار کو معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر رئیل اسٹیٹ فرم کو 20 کروڑ روپے ہرجانہ دینے کا حکم دیا تھا تاہم دلیپ کمارنے قانونی جنگ جاری رکھی اور بالآخرعدالت کو ان کے حق میں فیصلہ دینا پڑا۔

Load Next Story