کابل کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خودکش حملہ 3 افراد ہلاک

سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق بھی افغان کرکٹ لیگ میں شرکت کے لیے کابل میں موجود ہیں

خود کش بمبار نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑایا ۔ فوٹو : فائل

افغانستان کے دارالحکومت میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خود کش بمبار نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق جس وقت دھماکا ہوا اس وقت اسٹیڈیم کے اندر شپاگیزا کرکٹ لیگ کا میچ جاری تھا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کسی کھلاڑی یا آفیشل کو نقصان نہیں پہنچا۔


یہ بھی پڑھیں: افغان کرکٹ لیگ؛ عبدالرزاق کل کابل جائیں گے

افغان سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ اہلکار نے اپنی جان کی قربانی دے کر حملہ آور کو اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے سے روکا جہاں ہزاروں افراد موجود تھے۔ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق دھماکے کے بعد میچ کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔ افغانستان میں شپاگیزا کرکٹ لیگ کے میچز 22 ستمبر تک جاری رہیں گے۔

خیال رہے کہ سابق پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق بھی افغان کرکٹ لیگ میں شرکت کے لیے کابل میں موجود ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹرعبدالرزاق نے افغان کرکٹ لیگ سے معاہدہ کیا ہے اور وہ ایک لاکھ امریکی ڈالرکی سیکیورٹی ضمانت پر لیگ میں شرکت کے لیے گزشتہ جمعرات کوکابل روانہ ہوئے تھے۔
Load Next Story