شریف خاندان کوجیلوں میں ڈال کرآئی ایم ایف کا قرضہ چکایا جائے شیخ رشید

حکومت نے 4 برس میں 35 ارب ڈالرز کا قرضہ لیا اور منی لانڈرنگ کرنےوالوں کو مالیاتی اداروں کا سربراہ بنایا گیا، شیخ رشید

منی لانڈرنگ کرنےوالوں کومالیاتی اداروں کاسربراہ بنایا گیا اور گزشتہ 4 برس میں 35 بلین ڈالرز کا قرضہ لیا گیا، شیخ رشید: فوٹو: فائل

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے گزشتہ 4 سال میں 35 ارب ڈالر قرضہ لیا اس لیے شریف خاندان کو جیل میں بھیج کر آئی ایم ایف کا قرضہ چکایا جائے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے میں حدیبیہ پیپرز کا ذکر کیا گیا اور یہ کیس شریف خاندان کے تمام مقدمات کی ماں ہے، اسحاق ڈار نے خود اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے نوازشریف کو 4 ہزار 212 ملین بیرون ملک بھجوائے، میں حیران ہوں کہ اسحاق ڈار کو نااہل کیوں نہیں کیا گیا عدالتی فیصلے کے بعد اسحاق ڈار کو مستعفیٰ ہوجانا چاہیے تھا انہیں چاہئے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوکر گواہ بن جائیں اور اگر وہ اپنے بیان سے انحراف کریں گے تو مجرم ہوں گے اب ان پر ہے کہ انہوں نے گواہ بننا ہے یا مجرم بن کر جیل جانا ہے۔


شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکمران پاکستان کے ساتھ مذاق کررہے ہیں منی لانڈرنگ کرنے والوں کومالیاتی اداروں کاسربراہ بنا دیا گیا، گزشتہ 4 برس میں 35 بلین ڈالرز کا قرضہ لیا گیا اور تاریخ کی سب سے مہنگی ایل این جی کا معاہدہ بھی اسی حکومت نے کیا، شریف خاندان نے ٹیکسٹائل کے کاروبار کو تباہ کردیا اورتاثر یہ دیا جا رہا ہے کہ نوازشریف کے بغیرملک چل نہیں سکتا، سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کے والیم 10 میں مزید کھاتے سامنے آرہے ہیں نوازشریف پر 21 مقدمات ہیں جن میں سے 17 مقدمات التوا میں ہیں۔ اسی لئے سپریم کورٹ نے کہا کہ اداروں کے چیئرمین سیاسی بنیادوں پر نہیں اہلیت پر لگائے جائیں تو ملک ٹھیک ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف لندن میں گھٹنے ٹیک کر بیٹھ گئے ہیں اور این آر او چاہتے ہیں جب کہ دوسرا بھائی ترکی میں بیٹھ کر این آر او کی تیاری میں ہے لیکن اب ملک میں این آراوکی کوئی گنجائش نہیں، ہمارا مطالبہ ہے نوازشریف اور ان کے خاندان کوجیلوں میں ڈال کر ملک کے قرضے اتارے جائیں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نہ صرف پارٹی توڑے گی بلکہ خاندان بھی توڑدے گی نوازشریف کے اقتدارمیں سب سے بڑی تباہی کا ہاتھ مریم کا ہے جی ٹی روڈ ریلی میں اٹھائے گئے سوالات مریم نواز کے تحریر شدہ تھے۔ وزیرداخلہ کے بیان پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ منہ اورمسورکی دال، ضیاالحق کی تقریبات میں تلاوت کرنے والے آج ملک کے وزیرداخلہ بن گئے ہیں۔

 
Load Next Story