پیاز کی قیمتیں 15 فیصد کم ٹماٹر 29 فیصد مہنگے ہوگئے

گزشتہ ہفتے 14 اشیا کے بھاؤ بلند، 10 کی قیمتیں نسبتاً زیادہ گھٹنے سے افراط زر 0.3 فیصد کم

افراط زر کی شرح میں گزشتہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر 1.10 فیصد کا اضافہ ہوا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پیاز، کیلے اور مرغی کی قیمتوں میں کمی آنے کے باعث ملک میں ہفتہ وار ایس پی آئی پر مبنی افراط زر کی شرح 0.27 فیصد گھٹ گئی جبکہ اس سے پیوستہ ہفتے میں مہنگائی میں 0.58 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 14 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 14اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تاہم 10 اشیا کی قیمتوں میں نسبتاً زیادہ کمی کے باعث مہنگائی میں کمی آئی، اس دوران سب سے زیادہ کمی پیاز کے نرخ میں آئی، پیاز کے نرخ ایک ہفتے میں 14.57 فیصد گھٹ جانے سے ملک میں اس کی اوسط قیمت 84.94 روپے سے گھٹ کر 72.56 روپے فی کلوگرام ہوگئی تاہم یہ معمول کی قیمتوں میں اب بھی بہت زیادہ ہے، پیاز ملک میں عموماً 30 سے 40 روپے فی کلوگرام کی قیمت پر دستیاب ہوتی ہے تاہم بارشوں سے فصل متاثر ہونے اور کم کاشت کے باعث پیاز کی قلت نے نرخ بڑھا دیے۔

علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے کیلے کے نرخ 74.82 روپے سے 8.66 فیصد گھٹ کر 68.34 روپے فی کلوگرام ہوگئے، زندہ مرغی بھی 5.32 فیصد کی کمی سے ملک میں اوسطاً 120.98 روپے فی کلوگرام دستیاب ہے، اس کے علاوہ لہسن2 فیصد، انڈے 1.83 فیصد، آلو 0.49 فیصد، ویجیٹیبل گھی (ٹن) 0.38 فیصد، دال مونگ0.13 فیصد، پکانے کا تیل (ٹن)0.12 فیصداور سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی) کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اوسطاً0.11 فیصد کمی ہوئی۔


پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر 29.09 فیصد مہنگے ہونے کے بعد 57.34 روپے سے بڑھ کر 74.02 روپے فی کلوگرام ہوگئے، ایل پی جی گھریلو سلنڈر 3.25 فیصد، لاہوری نمک کھلا2.71 فیصد، آٹا 1.39 فیصد، چینی1.26 فیصد، دال چنا0.89 فیصد، گندم 0.71 فیصد، دال مسور0.50 فیصد، دال ماش 0.48 فیصد، گڑ 0.47 فیصد، الیکٹرک بلب (انرجی سیور14واٹ) 0.35 فیصد، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی)0.17 فیصد، سرسوں کا تیل0.14 فیصد اور اری 6 چاول 0.10 فیصد مہنگا ہوگیا، اس کے علاوہ 29 اشیائے ضروریہ بشمول باسمتی ٹوٹا چاول، دودھ، دہی، شرٹنگ، جلانے کی لکڑی کی قیمتیں برقرار رہیں۔

پی بی ایس کے مطابق حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں گزشتہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر 1.10 فیصد کا اضافہ ہوا۔

 
Load Next Story