ایران سے گیس لینے پراقتصادی پابندیاں لگادینگےامریکی دھمکی

حکومت تشہیرایسے کر رہی ہے کہ اس نے امریکی مخالفت کے باوجود معاہدہ کیا،وال اسٹریٹ

حکومت تشہیرایسے کر رہی ہے کہ اس نے امریکی مخالفت کے باوجود معاہدہ کیا،وال اسٹریٹ فوٹو : فائل

امریکا نے واضح کردیا ہے کہ اگر پاکستان نے ایران سے گیس کی خریداری شروع کی تواس پر اقتصادی پابندیاں لگادی جائیں گی۔

امریکی سفارت خانے نے'وال سٹریٹ جرنل ' کو تحریری طور پراعادہ کیا کہ امریکا کی ایران پر پالیسی واضح ہے،ہم نے دنیا بھر میں اپنے مذاکرات کاروں پر واضح کردیا ہے کہ ایسی سرگرمیوں سے بچنا انکے اپنے مفاد میں ہے،جنہیں اقوام متحدہ یا امریکی قانون کے تحت پابندیاں روکتی ہوں۔ اخبار کے مطابق ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو زیادہ تر پاکستان میں ہونے والے انتخابات کی مہم کا حصہ سمجھا جارہا تھاتاہم اس نے معاہدے میں پیش رفت کی ،جس نے امریکہ کو ناراض کردیا ہے اورایرانی گیس کی درآمد کی صورت میں پاکستان پر اقتصادی پابندیاں لگ سکتی ہیں۔




امریکہ نے منصوبے کی مخالفت اور متبادل کے طور ترکمانستان ،افغانستان، پاکستان اور بھارت (تاپی) منصوبے کی حوصلہ افزائی کی،جس کا مقصد ایران کو ایشیائی انرجی مارکیٹ سے باہر رکھنا ہے۔سرحد پر پائپ لائن منسلک ہو گئی تو ایرانی ساحلی شہر اصالح اورملتان تک منسلک ہوجائے گی اور یومیہ750 ملین کیوبک فیٹ گیس درآمد ہو گی۔ پائپ لائن یومیہ چار ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار کوسپورٹ کرے گی۔ پاکستان کو یومیہ5 ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔ اس پائپ لائن کا تیسرا شراکت دار بھارت تھا،جو2008ء میں منصوبے سے نکل گیا۔اخبار نے معاشی تجزیہ کار کے حوالے سے لکھا کہ یہ معاہدہ پاک، امریکہ تعلقات کو شدید متاثر کرے گا۔ تاہم پیپلز پارٹی کی حکومت معاہدے کی تشہیرایسے کر رہی ہے کہ ہم نے امریکی مخالفت کے باوجود معاہدہ کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story