شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں عمران خان

پاکستان کو یہاں تک پہنچانے کے ذمہ دار نواز شریف اور آصف زرداری ہیں، عمران خان

مریم نواز اور کیپٹن صفدر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں، عمران خان۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں اور پاکستان کویہاں تک پہنچانے کے ذمہ دارنوازشریف اور آصف زرداری ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اقامہ منی لانڈرنگ کاایک طریقہ ہے، نواز شریف 30 سال سے پیسہ چوری کرکے باہر بھیج رہےتھےجب کہ کوئی انصاف کا نظام نوازشریف پر ہاتھ نہیں ڈال رہاتھا، شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ شریف خاندان کے خلاف نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف تھی، چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا جب کہ پاکستان کویہاں تک پہنچانے کےذمہ دارنوازشریف اور زرداری ہیں۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنی کرپشن سندھ میں ہوئی اتنی کسی صوبے میں نہیں ہوئی، سندھ کا ترقیاتی فنڈ چوری ہورہا ہے، کرپٹ ٹولہ ارب پتی بن گیا، ایک طرف پاکستانی قوم ہے اور دوسری طرف یہ ٹولہ ہے۔ میرا جرم کیا ہے جو الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے معاملے پر میرے وارنٹ جاری کیے جب کہ یہ اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے پاس ہوتا ہے، دنیا کی تاریخ میں ایسا کہیں نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کا کام صاف انتخابات کرانا ہے، الیکشن کمیشن نواز شریف اور آصف زرداری کا ہے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کوئی وزیراعظم اپنے ملک کے خلاف اس طرح کا بیان نہیں دے سکتا، مریم نواز اور ان کے شوہر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں، اب پتہ چل گیا ہے کہ ڈان لیکس کے پیچھے کون ہے، اس میں بھی انہوں نے یہی زبان استعمال کی تھی، کوئی اپنی سیکیورٹی فورسز کو اس طرح بدنام نہیں کرتا جس طرح (ن) لیگ کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سارے ادارے تباہ کردیے ہیں، ان سے بڑا ملک دشمن کوئی نہیں جب کہ انصاف کے لیے ہم عدلیہ کے پاس ہی جائیں گے، یہ کرپٹ ٹولہ ہے، یہ وہ لوگ ہیں جن کو ہم نے جیلوں میں ڈالنا ہے۔

Load Next Story