انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی بھارت واپسی

مودی سرکار داؤد ابراہیم کو وطن واپس لا کر عوام کی ہمدردی سمیٹنا چاہتی ہے، راج ٹھاکرے

بھارتی حکومت داؤد ابراہیم سے مکمل رابطے میں ہے، راج ٹھاکرے۔ فوٹو: فائل

بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ مودی سرکار انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کو بھارت واپس لا کر اگلے الیکشن میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنا چاہتی ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق شیو سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے انکشاف کیا ہے کہ بی جے پی کی حکومت بھارت میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے داؤد ابراہم سے مکمل رابطے میں ہے اور اسے واپس لانے کے لئے کوشش کر رہی ہے۔ شیو سینا کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت داؤد ابراہیم کو گرفتار کرنا چاہتی ہے تاکہ الیکشن میں گرفتاری کے نام پر عوام سے ہمدردی حاصل کر کے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کی جا سکیں۔

راج ٹھاکرے نے کہا کہ داؤد ابراہیم جسمانی طور پرمعذور ہیں اور وہ خود بھی وطن واپس آنے کے لئے حکومت سے مذاکرات کر رہے ہیں لیکن حکومت داؤد ابراہیم کو صرف اپنے انتخابی مفاد کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مذاق نہیں بلکہ سچ بات کررہا ہوں جس کا سب کو بعد میں بخوبی اندازہ ہو جائے گا۔


واضح رہے کہ داؤد ابراہیم بھارتی شہری ہے اور ان پر 1993 کے ممبئی دھماکوں میں ملوث ہونے اور وسیع پیمانے پر منشیات کی سمگلنگ کرنے کا الزام ہے۔
Load Next Story