آئندہ الیکشن میں حکمران جماعت کو اڑا کر رکھ دینگے عمران خان

وزیراعظم مجرم کے ملازم بنے ہوئے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

عمران خان سینٹ میں الیکشن بل2017 کی منظوری کا معاملے پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نعمان وزیر اور کینتھ ویلیمز پر برس پڑے۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں حکمران جماعت کو اڑاکر رکھ دیں گے۔

نوازشریف کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک مجرم کے ملازم بنے ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالی جائے۔حکمرانوں نے کرپشن کیلئے اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ نوازشریف جعلسازی کو غلط سمجھ ہی نہیں رہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ابھی تو اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی بات چل رہی ہے۔ دیکھنا ہے ابھی نمبر پورے ہوتے ہیں یا نہیں۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا آپس میں مک مکا ہے دونوں ملی ہوئی ہیں۔ ہمیں اس الیکشن کمیشن پر اعتماد ہی نہیں۔ چیئرمین نیب نے آصف زرداری کو بچا لیا۔ ہم چاہتے ہیں نیب اور الیکشن کمیشن کے سربراہان غیر جانبدار ہوں۔2013میں تیاری نہیں تھی اب تیاری کے ساتھ الیکشن میں جائیں گے اور اکثریت سے جیتیں گے۔


عمران خان نے کہا کہ ان کو شرم نہیں آتی الیکشن کیلئے زکوٰۃ کا پیسہ استعمال کرتے ہیں۔ انہوںنے نجم سیٹھی جیسے آدمی کو کرکٹ پکڑوا دی جو کرکٹ کو الف ب ہی نہیں جانتا۔ عطاالحق قاسمی جیسے اپنے بندے کو پی ٹی وی میں بٹھا دیا۔ ڈان لیکس کے پیچھے مریم نوازکا ہاتھ ہے۔ ادارے ان کے قابو میں نہیں آئے تو سازش نظر آنے لگی۔


ایک ملاقات میں عمران خان نے کہاکرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے عوام کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ موروثیت کے خاتمے اور فرسودہ نظام کو تبدیل کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑ ھ سکتا۔

چین کے سفیر سے ملاقات میں عمران خان نے کہا پاکستان اور چین کے مابین دوستی اور محبت کا لازوال رشتہ ہے۔ سی پیک کی کامیاب تکمیل کیلئے دعا گو ہوں۔ تحریک انصاف غربت کے خاتمے کیلیے چین کے تجربے سے بھرپور استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان سینٹ میں الیکشن بل2017 کی منظوری کا معاملے پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نعمان وزیر اور کینتھ ویلیمز پر برس پڑے۔ عمران خان نے دونوں سینیٹرز کو بنی گالہ طلب کیا اور الیکشن بل کے حوالے سے ان سے مبینہ طورپر بازپرس کی۔

عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں کی غیر ذمہ داری کے باعث پارٹی کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ میری اور پارٹی کی ساکھ پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔ آپ کو اپنی ذمے داری اور پارٹی ڈسپلن کا احساس ہونا چاہیے تھا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نعمان وزیر اور کینیتھ ویلیمز نے غیر حاضری پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔

 
Load Next Story