ٹریفک پولیس کی نااہلی مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام

ایمبولینسوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ٹریفک پولیس اہلکار سڑکوں سے غائب

آغا خان سوئم روڈ پر ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں،ہفتے کو شہر کی مختلف شاہراہوں پر بھی ٹریفک جام رہا۔ فوٹو ایکسپریس

WASHINGTON:
مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، ٹریفک پولیس کی نااہلی کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، مریضوں کو لے جانیوالی ایمبولینسیں بھی ٹریفک جام میں پھنس کر رہ گئیں، تفصیلات کے مطابق صدر ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کی سڑکوں پر ہفتہ کی شام ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی، ٹریفک پولیس اہلکاروں کی کمی کے باعث ٹریفک کی صورتحال خراب ہوئی جس کا خمیازہ عام شہریوں کو ٹریفک جام کی شکل میں بھگتنا پڑا۔


نیو پریڈی اسٹریٹ پر لگنے والے ہفتہ بازار میں پتھارے داروں کی جانب سے سڑک پر ٹھیلے لگانے کی وجہ سے نیو پریڈی اسٹریٹ سے ایمپریس مارکیٹ جانے والی سڑک اور صدر آنے و جانیوالی سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیااس دوران گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، پریڈی اسٹریٹ پر ٹریفک جام کی صورتحال کے نتیجے میں زینب مارکیٹ، فوارہ چوک، زیب النسا اسٹریٹ، میٹرو پول ہوٹل، شارع فیصل، ریجنٹ پلازہ ہوٹل اور ایف ٹی سی فلائی اوور تک ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

اس موقع پر ٹریفک پولیس کے اہلکار کہیں دکھائی نہیں دیے جبکہ سٹی وارڈنز ٹریفک کنٹرول کرتے رہے، ٹریفک پولیس کی نااہلی کے باعث ٹریفک کی صورتحال خراب رہی اور لوگوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑا، ٹریفک جام کے دوران مریضوں کو اسپتال لے جانیوالی متعدد ایمبولینس گاڑیاں بھی ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔
Load Next Story