ٹیسٹ رینکنگ میں فتح سے پاکستانی پوزیشن پراثر نہیں پڑے گا

کلین سوئپ بھی چھٹے نمبرپربرقراررکھے گا، سیریز گنوانے پرساتویں درجے پر تنزلی

کلین سوئپ بھی چھٹے نمبرپربرقراررکھے گا، سیریز گنوانے پرساتویں درجے پر تنزلی۔ فوٹو: فائل

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریزمیں فتح سے بھی پاکستانی رینکنگ پوزیشن پر اثر نہیں پڑے گا۔

پاکستانی ٹیم اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں 93 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے، اگر وہ جمعرات سے شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سری لنکا پر کلین سوئپ فتح پائے تو اس کو ایک ساتھ 4 پوائنٹس میسر آئیں گے، جس سے مجموعی پوائنٹس بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود نیوزی لینڈ و آسٹریلیا کے برابر 97 ہوجائیں گے، البتہ اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے گرین کیپس کو بدستور چھٹے نمبر پر ہی رہنا پڑے گا۔


اگر ابوظبی اور پھر دبئی میں کھیلے جانے والے ان ٹیسٹ میچز میں سے کسی ایک میں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور دوسرا ڈرا ہو گیا تو پھر پاکستانی ٹیم ساتویں نمبر پر چلی جائے گی، اس کی جگہ سری لنکا چھٹا نمبر سنبھال لے گا۔ پاکستان اگر 1-0 سے فتح پائے تو اس کے پوائنٹس 95 ہوجائیں گے، سیریز ڈرا ہونے پر ایک پوائنٹ کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم پھر بھی سری لنکا پر 2 پوائنٹس کی برتری موجود رہے گی۔

سری لنکا کی سیریز میں کسی بھی مارجن سے کامیابی گرین کیپس کے ساتویں نمبر پر تنزلی کا باعث بنے گی۔ دوسری جانب جمعرات سے ہی پوشف اسٹروم میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان 2میچز کی سیریز شروع ہورہی ہے، اگر بنگلادیش اس سیریز کو برابر کرے تو وہ ویسٹ انڈیز کی جگہ آٹھویں نمبر پر آجائے گا،اگر جنوبی افریقہ ہارا تو پھر اسے دوسری پوزیشن سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے تاہم اس صورت میں انگلینڈ اس کی جگہ سنبھال لے گا۔

 
Load Next Story