ابوظبی ٹیسٹ سری لنکا نے 4 وکٹ پر 227 رنز بنا لئے

قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جب کہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جب کہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔فوٹو: فائل

ابوظبی ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا نے 4 وکٹ پر 227 رنز بنا لئے ہیں۔


شیخ زید سٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو61رنز پر ان کی 3 وکٹیں گر گئیں، کوشل سلوا 12، کوشل مینڈس10 جب کہ لاہیرو تھریمانے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، جس کے بعد کپتان دنیش چندیمل اور کرونارتنے نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں محتاط انداز میں سکور آگے بڑھایا تاہم کرونا رتنے 161 کے مجموعی سکور پر بدقسمتی سے رن آﺅٹ ہو گئے اور 7 رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے 4وکٹ پر 227رنز بنا لئے ہیں۔ کپتان دنیش چندیمل 60 اور نیروشن ڈکویلا 42 پر ناقابل شکست ہیں۔

پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ سب سے کامیاب بولر رہے اور 59رنز دیکر 2شکار کئے، حسن علی نے 58کے بدلے میں ایک وکٹ حاصل کی، محمد عامر39، محمد عباس43 اور حارث سہیل14رنز دیکر کوئی کامیابی حاصل نہیں کر پائے،شان مسعود اور اسد شفیق نے بھی ایک ایک اوور کروایا۔ پاکستان کی ٹیم دونوں ریویوز سے فائدہ نہ اٹھا سکی، نئے قوانین کے مطابق اب پہلی اننگز میں پاکستان کو مزید ریویو دستیاب نہیں ہوں گے۔
Load Next Story