پاک بھارت اسنوکر سیریز کے انعقاد میں تعطل کا خدشہ

پی ایس بی نے تاحال بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے این او سی جاری نہیں کیا۔

پی ایس بی نے تاحال بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے این او سی جاری نہیں کیا۔ فوٹو : فائل

پاکستان اور بھارت کے درمیان اسنوکر ٹیسٹ سیریز کے انعقاد میں تعطل پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے این او سی جاری نہ ہو سکا، پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ پیرکو اسلام آباد میں پی ایس بی حکام سے حتمی ملاقات کریں گے،بھارت امن کپ سیریز کے لیے اپنی شرکت کی پہلے ہی تصدیق کر چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسنوکرایسوسی ایشن نے بھارت کو ٹیسٹ سیریز کیلیے دورہ کی دعوت دی تھی جسے بھارت نے بخوشی قبول کرتے ہوئے کراچی میں 7 تا 10 مارچ شیڈول مقابلوں میں شرکت سے آگاہ کر دیا ہے۔

تاہم بھارت کی4رکنی ٹیم کا دورہ پاکستان ویزوں کے عدم اجراء کے سبب کھٹائی میں پڑ سکتا ہے،درخواست کے باوجود پی ایس بی نے بھارتی ٹیم کے ویزے کے لیے ہنوز این او سی جاری نہیں کیا، جبکہ این اوسی کے اجراء پر ہی وزارت خارجہ کی ہدایات کی روشنی میں بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن ویزہ جاری کرے گا۔




دریں اثناء رابطے پر پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی کے صدر عالمگیر شیخ نے بتایا کہ پاک بھارت سیریز کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی جبکہ بھارتی ٹیم کو این او سی جاری کرنے کے لیے وہ ذاتی طور پر اسلام آباد پہنچ کر پیرکو پی ایس بی کے ڈائریکٹرجنرل اور دیگر حکام سے ملا قات کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی اسنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کے صدر کمانڈر(ر) موہن نے گزشتہ روز پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے 4 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جس میں کمال چاؤلہ، برجیش دمانی، لکی وتنانی اور رفعت حبیب شامل ہیں، امن کپ سیریز کے لیے پاکستان کی قومی ٹیم کا اعلان منگل کو ہوگا۔
Load Next Story