منشیات کی اسمگلنگ ملزم کو عمر قید کی سزا سنادی گئی

5 لاکھ جرمانہ بھی عائد،منشیات رکھنے پر سعید کو 10برس قید اور ایک لاکھ جرمانہ.

اسٹریٹ کرائم پر شاہ نواز کو 3 برس قیدکی سزا سنادی گئی، ملزم کاساتھی مفرور ہے۔ فوٹو: فائل

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ثنا اللہ خان غوری نے منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں ملوث ملزم عبدا لستار کو ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سردار اعظم کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

ملزم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید2 برس جیل میں رہنا ہوگا، استغاثہ کے مطابق 4جنوری 2012کو ایکسائز پولیس نے مچھر کالونی میں مخبر خاص کی اطلاع پر چھاپہ مار کر اسکے بیگ سے اسمگل شدہ 12کلو چرس برآمد کی تھی،دریں اثنا اس ہی عدالت نے منشیات رکھنے کے الزام میں ملوث سعید شاہ کو جرم ثابت ہونے پر 10برس قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے مجرم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک ماہ قید بھگتنا ہوگی، مجرم متعدد بار منشیات فروخت کرتے ہوئے گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے ملزم عادی مجرم ہے،13اکتوبر 2012کو بھی تھانہ جیکسن نے گرفتار کرکے اسکے قبضے سے120گرام چرس برآمد کی تھی۔




علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی چوہدری وسیم اقبال نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث مجرم شاہ نوازکو ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر یونس بلوچ کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد جرم ثابت ہونے پر3 برس قید اور 5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جرمانے کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید ایک ماہ جیل میں رہنا ہوگا ، ملزم پر الزام تھا کہ اس نے 30جنوری کو گلشن اقبال میں اپنے مفرور ساتھی نجیب کے ہمراہ اسلحے کے زور پر مدعی محمود شیخ سے موبائل فون ، نقدی وغیرہ لوٹ لی تھی مدعی کے شور کرنے پر علاقے میں گشت پر تعینات تھانہ گلشن اقبال نے ملزم کو مقابلے بعد گرفتار کیا تھا اور موقع پر لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا تھا جبکہ اسکا ساتھی فرار ہوگیا تھا ، ملزمان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں مقدمہ درج تھا۔
Load Next Story