پنجاب حکومت ملک ریاض کی کردارکشی کررہی ہے شجاعت

بحریہ ٹائون کے سابق چیئرمین ملک ریاض فلاحی کاموں میں بڑا مقام رکھتے ہیں

بحریہ ٹائون کے سابق چیئرمین ملک ریاض فلاحی کاموں میں بڑا مقام رکھتے ہیں۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ملک ریاض کی کردارکشی اور ذاتی مخالفت کی بنا پر روزانہ 3کروڑ روپے ان کے خلاف اشتہارات پر خرچ کر رہی ہے حالانکہ یہ پیسے لوگوں کی فلاح وبہبود کیلیے رکھے جاتے ہیں لیکن یہ پیسے اشتہارات کے ذریعے بحریہ ہائوسنگ سوسائٹی کو بدنام کرنے کیلیے خرچ کیے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بحریہ ٹائون کے سابق چیئرمین ملک ریاض فلاحی کاموں میں پاکستان میں ایک بڑا مقام رکھتے ہیں، اس وقت لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں فائیواسٹار فری اسپتال لوگوں کو مفت ڈائیلائسز کڈنی ٹرانسپلانٹ، ہپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں کا مفت علاج فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان کے اندر روزانہ تقریباً ایک لاکھ افرادکودوپہر اور شام کا کھانا مفت دیا جارہا ہے، چوہدری شجاعت نے کہا کہ ملک کے اندر ملک ریاض سے زیادہ امیر لوگ بھی موجود ہیں لیکن کسی کو توفیق نہ ہوئی کہ چھ ماہ تک صومالی بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال رہنے والے پاکستانی بھائیوں کو چھڑوا سکے لیکن ملک ریاض نے 13کروڑ روپے تاوان دے کر اپنے ہم وطنوں کو بازیاب کرایا۔




اسی طرح انھوں نے زلزلے اور سیلاب کے دوران جو خدمات سرانجام دیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت بحریہ ٹائون واحد کالونی ہے جہاں پر بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے نہ سیکیورٹی کیلیے کوئی چوکیدار رکھنے پڑتے ہیں۔ رہائشیوں کو اسپتال سپر مارکیٹ اسکول کالج کی سہولیات میسر ہیں اور پاکستان کی سب سے بڑی مسجد بحریہ ٹائون میں تیار ہورہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ملک ریاض کی شہرت کو اپنے ذاتی مفاد کیلئے عوام کے پیسے سے خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story