جھنگ پاور پلانٹ سے بجلی پڑوسیوں کو بھی بیچ سکیں گے شہباز شریف

منصوبہ لوڈشیڈنگ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،خطاب،پلانٹ شفافیت کی اعلیٰ مثال ہوگی، نائب صدر چینی کمپنی

وزیراعلیٰ سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر،ترک رکن پارلیمنٹ کی ملاقاتیں،پنجاب میں اصلاحات پروگرامزکی تعریف کی۔ فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ چین کی کمپنی کے ساتھ 1263 میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے کے حوالے سے معاہدہ ایک اور بڑا اقدام ہے جو لوڈشیڈنگ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

پنجاب حکومت اورچین کی توانائی کمپنی چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے مابین 1263میگاواٹ کے گیس پاور پروجیکٹ کے معاہدے پر مقامی ہوٹل میں دستخط کیے گئے۔ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی صنعت، زراعت اور تجارت کیلیے وافر بجلی ملے گی اور ہم بھارت، افغانستان اور ایران کو بجلی فروخت کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔

معاہدے کی رو سے چین کی کمپنی تریموں بیراج جھنگ کے قریب پاورپلانٹ لگائے گی جس سے 14 ماہ کی قلیل مدت میں810 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ 26ماہ میں منصوبے کی تکمیل سے 1263 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب تھرمل پاورکمپنی احد چیمہ جبکہ چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے نائب صدر فنگ ینگ شوئی نے معاہدے پر دستخط کیے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ سال کے آخر یا آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان سے لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلیے رخصت ہوجائے گی، ہمارے مخلص دوست چین نے توانائی بحران کے خاتمے میں ہماری بھرپور مدد کی ہے جس پر چینی حکومت، قیادت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بدقسمتی سے میڈیا کا کچھ حصہ ذمے داری کا مظاہرہ نہیں کررہا بلکہ وہ جھوٹے تبصرے اور تجزیے پیش کررہاہے۔

یہ امرافسوسناک ہے کہ بعض میڈیا چینلز پر توانائی منصوبوں میں گھپلوں کا بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہاہے کہ شریف برادران کرپشن اورکمیشن کے بغیر کوئی منصوبہ نہیں لگاتے، یہ چینلز ان منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن سامنے نہیں لاسکے، انھیں رینٹل پاورپلانٹس میں اربوں روپے کی کرپشن کو نہیں بھولنا چاہیے، نندی پور پاور پلانٹ کی مشینری3 سال تک کراچی کی بندرگاہ پر گلتی سڑتی رہی اور اس وقت کے وفاقی وزیر بابراعوان منصوبے کی فائل اپنی دراز میں دبا کر بیٹھے رہے اور ان کی اس حرکت سے غریب قوم کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، دیامر بھاشا ڈیم کے نام پر قوم کے ساتھ ناٹک کیاگیا۔

دوسری جانب چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے نائب صدر فنگ ینگ شوئی نے کہاکہ پنجاب پاور پلانٹ شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگااوریہ منصوبہ ایک بینچ مارک بنے گا۔وزیراعلیٰ سے عالمی بینک کے جنوبی ایشیا ریجن کے کنٹری ڈائریکٹر پچاموتھو الانگو نے ملاقات کی۔ کنٹری ڈائریکٹر نے اراضی کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزکرنے اورسماجی شعبوں کی بہتری کیلیے اصلاحات پروگرامز کی تعریف کی۔

شہباز شریف سے ترک پارلیمنٹ کے رکن برہان کیاترک نے ملاقات کی۔ ممبر ترک پارلیمنٹ کی جانب سے شعبہ صحت کی بہتری اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
Load Next Story