خراب موسم اسلام آباد آنیوالی پروازیں لاہور میں اتاری گئی

لاہور ائیر پورٹ کے لائونج میں گنجائش نہ ہونے پر مسافروں کو طیاروں میں ہی بیٹھنا پڑا

لاہور ائیر پورٹ کے لائونج میں گنجائش نہ ہونے پر مسافروں کو طیاروں میں ہی بیٹھنا پڑا۔ فائل فوٹو

ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں خراب موسمی صورتحال کے باعث ہفتہ کو قومی ایئر لائن کی اسلام آباد آنے والی پروازیں لاہور اتار لی گئیں جبکہ وہاں سے روانہ ہونے والی بین الاقوامی پروازوں کے اوقات کار کا ازسر نو تعین کیاگیا۔

اسلام آباد میں ہفتہ کی صبح بیرون ملک سے آنے والی پانچ پروازوں او ر ایک اندرون ملک پرواز کا رخ موڑ کر انھیں لاہور اتارا گیا، پیرس سے آنے والی پروازPK-750 میں370مسافر، مانچسٹر سے آنے والی پروازPK-702میں145مسافر، ریاض سے آنے والی پروازPK-754میں219مسافر، مسقط سے آنے والی پروازPK-260میں103مسافر اور ابوظہبی سے آنے والی پرواز262میں100مسافر سوار تھے، لاہور ائیر پورٹ کے لائونج میں گنجائش نہ ہونے کے باعث مسافروں کو طیاروں میں ہی بیٹھنا پڑا۔


ا س کے علاوہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پروازPK-300کو بھی لاہور اتارا گیا اور موسم کی صورتحال بہتر ہونے پر روانہ کیا گیا، اسلام آباد میں موسم کی صورتحال صبح11بجے کے بعد بہتر ہونا شروع ہوئی اور تما م پروازیں12:30تک اسلام آباد پہنچ گئیں، خراب موسمی صورتحال کے باعث طیاروں کے اسلام آباد تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے4بین الاقوامی پروازیں ری شیڈول کی گئیں۔

ان میں کوپن ہیگن۔اوسلو روانہ ہونے والی پروازPK-771، لیڈز روانہ ہونے والی پروازPK-775، لندن روانہ ہونے والی پروازPK-785 اور برمنگھم روانہ ہونے والی پروازPK-791 دوپہر 2 سے 3 بجے کے درمیان روانہ ہوئی، ترجمان نے کہا کہ مسافروں کو ان کی متعلقہ پرواز کے بارے میں مسلسل آگاہ رکھا گیا اس کے باوجود اگر کسی کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تو پی آئی اے اس کیلئے انتہائی معذرت خواہ ہے ۔
Load Next Story