جونیئر اسکواش پاکستان بھارت کو مات دیکر ایشین چیمپئن بن گیا

فیصلہ کن معرکہ میں علی بخاری نے مہیش اور بلال ذاکر نے دیپک میشرا کو دھول چٹائی۔

گرلز فائنل میں بھار ت نے ہانگ کانگ کو 2-1 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان روایتی حریف بھارت کو زیر کرتے ہوئے ایشیا کا جونیئر اسکواش چیمپئن بن گیا جبکہ گرلز ٹائٹل بھارت کے نام رہا۔

جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں ہونیوالے ایونٹ کے بوائز فائنل میں پاکستان کے سید علی بخاری نے بھارتی مہیش منگوانکر کو سخت مقابلے کے بعد 11-5, 5-11,9-11,11-6 اور11-7 سے ٹھکانے لگایا دوسرے سنگل میچ میں بلال ذاکر نے دیپک میشرا کو باآسانی 11-7, 11-6 اور11-9 سے ٹھکانے لگاتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمایا، بیسٹ آف تھری ہونے کی وجہ سے پاکستان کے عماد فرید اور کش کمار کے مابین مقابلہ نہ ہوسکا۔ یادرہے ایشین جونیئر اسکواش کے فائنل تک رسائی حاصل کرنیوالی دونوں ٹیمیں ایونٹ میں ناقابل شکست رہی تھیں، پاکستان نے کواٹر فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-1 اور سیمی فائنل میں ملائیشیا کو2-0 سے ہراتے ہوئے فیصلہ کن معرکہ کیلیے ٹکٹ بک کروائی تھی، جبکہ بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کو 2-1 سے زیر کرنے کے بعد فائنل میں پہنچی تھی۔




دوسری طرف گرلز فائنل میں بھار ت نے ہانگ کانگ کو 2-1 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پہلے سنگل میںبھارتی لکشیارگویندرن کوہوتزی کو 11-6,11-6 اور 11-7 سے ناکامی کا سامنا کرناپڑا۔ دوسرے مقابلے میںالنکاکومنی نے ہو کا پوئی کو 11-4,11-5, اور11-6 سے ہرا کر مقابلہ برابر کردیا تیسرے اور آخری میچ میں بھارتی اپراجیتھا اور چوئی ین شون کے مابین مقابلہ بھی یکطرفہ ثابت ہوا جس میں اپراجیتھا نے اسٹریٹ سیٹس میں 11-7,11-9 اور 11-9 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے اپنی ٹیم کو چیمپئن بنوادیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی گرلز ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کی تھی اور اس نے تین میں سے ایک میچ جیت کر ایونٹ میں ساتویں پوزیشن اپنے نام کی، ہانگ کانگ اور ملائیشیا سے ہارنے کے بعد ٹیم نے سری لنکا کو مات دی۔
Load Next Story