ستمبر2017ء میں مہنگائی کی شرح میں 386 فیصد اضافہ

پیاز،ٹماٹرو ایندھن کے نرخوں اور ہاؤس رینٹ میں تیز رفتار اضافہ وجہ بنا، پی بی ایس

نوازشریف کی نااہلی کے بعدملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہونے سے مہنگائی کی صورتحال پر اثر پڑسکتا ہے،آصف باجوہ،پریس کانفرنس۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پیاز، ٹماٹر وایندھن کے نرخوں کے ساتھ ہاؤس رینٹ میں تیز رفتار اضافہ پاکستان میں گزشتہ ماہ صارف قیمتوں کے اشاریے (سی پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں سال بہ سال 3.86 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کے حکام نے کہاہے کہ ملک میں ٹماٹر کا بحران مزید 15 سے 20روز تک جاری رہے گا، محرم کی وجہ سے بھی ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک سال میں پیاز کی قیمتوں میں 153فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ماہانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایاکہ سندھ میں ٹماٹر کی فصل خراب ہونے سے ٹماٹر کی ترسیل متاثر ہوئی ہے جس سے ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا جبکہ محرم کی وجہ سے بھی ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ حکام نے بتایاکہ ستمبر 2016کے مقابلے میں ستمبر 2017میں مہنگائی کی شرح میں 3.86فیصد اضافہ ہوا، اگست کے مقابلے میں ستمبر میں پیاز کی قیمت میں 98.33فیصد، ٹماٹر 58.46فیصد، تازہ سبزیاں 10.16 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 4فیصد کا اضافہ ہوا۔


حکام کے مطابق 1ماہ میں مرغی کی قیمت میں 16.19فیصد، تازہ پھل 11.13فیصد اورچینی کی قیمت میں 6.69 فیصدکی کمی ہوئی۔ حکام نے بتایاکہ 1سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 153.49 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، 1سال کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 33.57فیصد، چاول کی قیمت میں 13.92فیصد، چائے 11.10فیصد، آلو 8.98فیصد، گوشت 7.41 فیصداور شہد کی قیمت میں 4.18فیصد کا اضافہ ہواہے۔ پی بی ایس سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دال ماش کی قیمت میں 25.01فیصد ، چینی 21.05 فیصد، دال چنا 19.49فیصد، دال مسور 19.11 فیصد، دال مونگ 17.75فیصد، سگریٹ 16.51 فیصد، بیسن 12.57 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 1سال کے دوران 10.44فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

وزارت کے مطابق ایک سال کے دوران ادویہ16.82فیصد مہنگی ہوئیں، اس کے علاوہ تعلیم کے اخراجات میں 8.27 فیصد، موٹر فیول7.91فیصد، ہاؤس رینٹ 7.19فیصد، ڈاکٹر معائنہ فیس 6.79فیصد، مزدوری کی شرح میں 6.75 فیصد اور لانڈری کی قیمت میں 6.63 فیصد اضافہ ہواہے۔

ایک سوال کے جواب میں مردم شماری کے بارے میں وزارت شماریات کے کنسلٹنٹ آصف باجوہ نے بتایاکہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہونے سے مہنگائی کی صورتحال پر اثر پڑ سکتا ہے۔
Load Next Story