لاس ویگاس کنسرٹ حملہ آور کے پاس 48 ہتھیاروں کی موجودگی کا انکشاف

ملزم کے زیر استعمال ہوٹل کے کمرے سے 23 جب کہ گھر سے 19 جدید اور خودکار ہتھیار ملے ہیں، لاس ویگاس پولیس

لاس ویگس میں فائرنگ کرنے والے ملزم سے 48ہتھیار برآمد ہوئے،پولیس:فوٹو،انٹرنیٹ

امریکی شہر لاس ویگاس میں گزشتہ روز میوزک کنسرٹ پر فائرنگ کرنے والے شخص کے پاس مختلف اقسام کے 48 جدید اور خودکار ہتھیاروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق لاس ویگاس کی پولیس اور خفیہ ایجنسیاں امریکی تاریخ کی بدترین خونریزی کے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ اب تک اس بات کا پتہ نہیں لگا سکے کہ ملزم کے اصل مقاصد کیا تھے۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا ہے کہ 64 سالہ اسٹیفن پیڈک کے پاس پائلٹ اور شکار کرنے کے لائسنس تھے لیکن اس کے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ملا۔ ملزم ایک مالدار سابق اکاؤنٹنٹ تھا لیکن ماضی میں اس کا باپ بینک ڈکیتی کا مرتکب پایا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مینڈلے بے ہوٹل کی 32 ویں منزل پرمقیم تھا جہاں سے اس نے احاطے میں موجود ہزاروں لوگوں پر فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد پولیس نے جب کمرے کا دروازہ توڑا تو ملزم مردہ حالت میں پایا گیا جس پر پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں پر فائرنگ کے بعد ملزم نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔


یہ خبر بھی پڑھیں: امریکا کنسرٹ میں فائرنگ سے 59 افراد ہلاک

پولیس افسر ٹوڈ فیصلو نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ جب کمرے کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے 23 ہتھیار برآمد ہوئے جب کہ ملزم کے گھرپر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 19 ہتھیار قبضے میں لیے گئے۔

پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسٹیفن پیڈک اپنی 62 سالہ خاتون دوست ماریلؤ ڈینیللے کے ساتھ رہتا تھا لیکن جب پولیس نے ان کی دوست کے بارے میں معلوم کیا تو انہیں پتہ چلا کہ وہ امریکا سے باہر ہیں۔

واضح رہے کہ لاس ویگاس میں میوزک کنسرٹ میں فائرنگ سے کم ازکم 59 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
Load Next Story