نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کیلیے ارجنٹائن کے 4 گول کیپرز کراچی پہنچ گئے

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ 3 سے 10 اکتوبر تک کراچی میں ہوگا۔

پی ایچ ایف آفیشلز نے کراچی ایئرپورٹ پر غیرملکی کوچز کا استقبال کیا اور گلدستے پیش کیے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

ارجنٹائن کے 4 گول کیپرز ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے پاکستان پہنچ گئے۔

نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے ارجنٹائن کے 4 گول کیپرز کراچی ایئرپورٹ پہنچے جہاں پی ایچ ایف آفیشلز نے ان کا استقبال کیا اور گلدستے پیش کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔




پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ 3 سے 10 اکتوبر کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں شامل ٹیمیں نشان حیدر حاصل کرنے والے تمام 11 شہداء کے ناموں سے منسوب ہونگیں۔ ٹیموں کے نام کیپٹن راجہ محمد سرور، میجر طفیل محمد، میجر راجہ عزیز بھٹی، راشد منہاس، میجر شبیر شریف، سوار محمد حسین، میجر محمد اکرم، لانس نائیک محمد محفوظ، کیپٹن کرنل شیر خان، حوالدار لالک جان اور نائیک سیف علی جنجوعہ رکھے گئے ہیں۔ اس ایونٹ کی خاص بات اس ایونٹ میں حصہ لینے والے تمام 11 گول کیپر غیر ملکی ہونگے جن میں سے ارجنٹائن کے 4 گول کیپرز پہنچ چکے ہیں۔

ہر ٹیم 13 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز پر مشتمل ہوگی، ایونٹ میں جہاں تمام ٹیموں کے گول کیپرز غیر ملکی ہونگے وہیں میچز سے قبل پنالٹی شوٹ آﺅٹس ہونگے، جو ٹیم اس میں کامیابی حاصل کرے گی اسے ایک پوائنٹ دیا جائے گا جبکہ باقی 2 پوائنٹس میچ جیتنے والی ٹیم کو ملیں گے۔
Load Next Story