متحدہ کے وفد کی طاہرالقادری سے ملاقات رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

سربراہ تحریک منہاج القرآن کو متحدہ کے قائد الطاف حسین کا اہم پیغام بھی پہنچایا گیا

لاہور: متحدہ کا وفد رضا ہارون کی قیادت میں ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کررہا ہے۔ فوٹو: آئی این پی

GUJRANWALA:
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے وفد نے رضا ہارون کی قیادت میں اتوار کو لاہور میں تحریک منہاج القر آن کے سر براہ ڈاکٹر طا ہر القادری سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں میں رابطے جاری رکھنے اور ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی، کرپشن کے خلاف اور انتخابی اصلاحات کیلیے ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیاجبکہ دونوں جما عتوں کے رہنماؤں نے آئندہ انتخابات میں آئین کے آرٹیکل62اور63پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ متحدہ کے وفد کی قیادت رضا ہارون نے کی، ارکان میں نسر ین جلیل، سیف یا ر خان اور دیگر موجود تھے۔ وفد ماڈل ٹائون میں طاہر القادری کی رہائش گاہ گیا جہاں ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے حسن محی الدین، حسین محی الدین اور ڈاکٹر رحیق عباسی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ایم کیوایم کے وفد نے ڈاکٹر طاہر القادری کو متحدہکے قائد الطاف حسین کا اہم پیغام بھی پہنچایا اور انتخابی اصلاحات کیلیے ان کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو تماشا بنا رکھا ہے مگر ہم کسی بھی صورت انکی من ما نیاں نہیں چلنے دیںگے۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر اور موجودہ الیکشن کمیشن کی موجودگی میں ہونیوالے انتخابات مکمل طور پر غیر آئینی ہوںگے اور اسکے خلاف ہر محاذ پر جنگ لڑ جائیگی ۔ انھوں نے کہا کہ 17اور 18مارچ کو قومی امنگوں کے مطابق آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کر وںگا۔




میں اس ملک اور عوام کیلیے بڑی سے بڑی قر بانی دینے کو تیار ہوں مگر اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر وںگا۔ ملاقات کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ ہم انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ نہ صرف آئین کے آرٹیکل62اور63پر مکمل عمل کر ے بلکہ جعلی ڈگر یوں والوں کو ہمیشہ کیلیے نااہل قرار دیا جائے کیونکہ ایسے لوگ کسی بھی صورت امین اور صادق نہیں رہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نوازشر یف ایک قومی لیڈر ہیں انکو بھی چاہیے کہ وہ قومی سوچ کا مظاہر ہ کریں ۔

پیپلزپارٹی نے عوام دشمنی میں سندھ میں بلد یاتی آرڈننس واپس لیا ہے جسکی وجہ سے سندھ میں حکو مت کے خلاف سخت غصہ اور نفرت پائی جا رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام ان کو مسترد کر دینگے ۔جہاں تک گور نر عشرت العباد کا تعلق ہے تو اس حوالے سے آئندہ ایک دوروز میں فیصلہ عوام کے سامنے آجا ئے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیوایم پہلے دن سے سندھ کی تقسیم کے خلاف ہے مگر ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ تے رہیں گے ۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پیر مظہر الحق کا بیان قابل مذمت ہے۔
Load Next Story