وفاقی کابینہ نے چین کیساتھ حقوق ملکیت دانش معاہدے کی منظوری دیدی

اجلاس میں جرمنی سے مالیاتی تعاون معاہدہ، کوریا، قطر، کینیڈا کیساتھ دہرے ٹیکسوں کے معاہدے میں ترمیم کی منظوری

آج کادن تاریخ سازہے،ہم نے سپریم کورٹ کافیصلہ قبول کیا،عوام قبول نہیں کرتے،شاہدخاقان کاخطاب۔ فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی 0.1 فیصدکی قابل ادائیگی فیس اوراضافی حصص کے اجرا پرپاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سیکیورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن کی 10 فیصد کی سپروائزری قابل ادائیگی فیس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دیدی ہے۔

وفاقی کابینہ کااجلاس گذشتہ روزوزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال کے ساتھ پیش آنیوالے معاملے پربھی تفصیلہ تبادلہ خیال ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری پارلیمانی امورڈویژن نے کابینہ کووزارت کے امورکے بارے میں بریفنگ دی،کابینہ نے جرمنی کیساتھ مالیاتی تعاون معاہدے 2015 پر دستخط کی منظوری دی۔

اجلاس میں حقوق ملکیت دانش کے میدان میں پاک چین تعاون کے حوالہ سے ایم او یو پردستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے انسداد بدعنوانی اداروں اورمحتسب کے ای سی او علاقائی مرکز برائے تعاون کی دستاویزکی بھی توثیق کی۔ روس اور پاکستان کے درمیان جامشورومیں 600 میگاواٹ کے قدرتی گیس کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ کی تعمیرکیلیے تعاون کے بارے میں معاہدے پرمذاکرات کی اجازت بھی دے دی گئی۔

کابینہ نے پاکستان اور کوریا کے درمیان دہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالے سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلیے موجودہ معاہدے میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اور قطرکے درمیان دہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پرٹیکسزکے حوالے سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلیے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اورکینیڈاکے درمیان دہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالے سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلیے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں لاہور اورملتان میں انشورنس ٹربیونلزکے قیام کی منظوری دی۔


اجلاس نے ایئرمارشل احمرشہزادکی پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرہ کے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری کی بھی منظوری دی،کابینہ نے کسٹم اپیلٹ ٹربیونل بنچ ٹولاہور کے جوڈیشل ممبر (بی ایس 21) عمرارشدحکیم کے کنٹریکٹ کے عرصہ میں توسیع اور بینکنگ کورٹ I حیدرآباد کے جج کی تقرری کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے ڈبلیو ٹی او ریگولیشن کی روشنی میں ٹیکسٹائل اور چمڑے کی قابل درآمد تیار اشیاء پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد سے 6 فیصد تک کم کرنے کیلئے 31 دسمبر 2011ء کے ایس آر او 1125 (1)/2011 میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں بڑے گوشت کی درآمد کیلیے درآمدی پالیسی آرڈرمیں مذکورہ جنس ''ایم بی ایم'' کے لفظ کومذکورہ پالیسی آرڈر میں ''میٹ اینڈ بون میل'' کے لفظ کے بعد شامل کیا جائے گا۔

دریں اثناء وزیراعظم کی زیرصدارت وزیراعظم آفس میں تجارت و برآمدات سے متعلق امور کے بارے میں اجلاس منعقد ہوا۔ ا جلاس میں وزیراعظم کے برآمدی پیکیج کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر اطمینان ظاہر کیا گیا کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران ملکی برآمدات میں 10 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

قبل ازیں کنونشن سینٹر میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے محمد نواز شریف کے مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے دوبارہ انتخاب کوتاریخ ساز قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ سال جون کے بعد ہونیوالے عام انتخابات میں پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) اور محمد نوازشریف کے حق میں اپنی رائے کااظہار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کردہ منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کا منشور اور مینڈیٹ ہے، لیڈر عوام کے دل میں رہتا ہے وہ قوانین سے نہیں بنتا اور عدالتوں کے فیصلوں سے ختم نہیں ہوتا، عوام کی حمایت سے ہمیشہ سرخرورہینگے۔شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی کا صدر بننے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ پاکستان کے عوام اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے حق میں فیصلہ دیںگے ،آج کا دن تاریخ سازہے، پہلی بارنوازشریف جب صدر بنے تھے تو میں موجود تھا اورآج بھی موجودہوں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اگلے8 ماہ میں ترقیاتی منصوبوں اور پارٹی منشور کومکمل کرنا ہے جونواز شریف نے شروع کیا تھا، نوازشریف نے وہ کام کیے جو8سال آمریت کرسکی نہ ہی پیپلز پارٹی جوبہت بڑا فرق ہے۔
Load Next Story