فنکاروں کووہ مقام حاصل نہیں جس کے وہ حقدارہیں جیاعلی

پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں نے دنیا میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا، بھارت میں بھی انھیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے

دیار غیر میں ملک کا نام روشن کرنیوالے فنکارون کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے فلم انڈسٹری کو آگے آنا چاہیے فوٹو : فائل

اداکارہ وماڈل جیا علی نے کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں، موسیقاروں، گلوکاروں، شاعروں اور تکنیکاروں نے نہ صرف اپنے ملک بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں اپنے عمدہ کام سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

اسی لیے تو ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں بھی ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ مگرافسوس ہمارے ہاں عظیم فنکاروں اورتکنیکاروں کووہ مقام حاصل نہیں ، جس کے وہ حقدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے '' ایکسپریس '' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جیاعلی نے کہا کہ دیکھا جائے تو ایک طرف ہمارے گلوکاروں کا انداز گائیکی اور آواز بہت ہی منفرد اور نرالی ہے اور دوسری جانب اداکاری کے شعبے میں اپنی صلاحیتیں متعارف کروانے والے فنکاروں کے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں۔


اسی طرح شاعری کی بات کریں تو ہمارے ملک کے معروف شاعروں نے اردو زبان میں ایسے گیت اور غزلیں لکھی ہیں جن کو گا کر بھارتی گلوکاروں کو مقبولیت ملی بلکہ بہت سی بالی ووڈ فلموں کی کامیابی میں ان کے گیتوں نے اہم کردار ادا کیا لیکن اب حالات کی ستم ظریفی کے باعث بالی ووڈ کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، جس کے ذمے دار شیوسینا، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور بھارتی حکومت ہیں۔ اگر دیکھا جائے تو بالی ووڈ میں مسلسل کام کرنے والے فنکاروں کی صلاحیتوں کا اعتراف وہاں آج بھی کیا جاتا ہے لیکن ایسی صورتحال میں فنکاروں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے پاکستان فلم انڈسٹری کو آگے آنا چاہیے۔

یہ وہ فنکار ہیں جنہوں نے پاکستان کا نام دیارغیر میں روشن کیا۔ دوسری جانب ان معروف فنکاروں کو بھی اپنے ملک میں کام کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنی چاہئیں کیونکہ ایک انسان دنیا میں جتنی بھی ترقی اور کامیابی حاصل کر لے اس کی اصل پہچان اس کے اپنے وطن سے ہی ہوتی ہے۔
Load Next Story