کھلاڑیوں نے ٹی 10 طرزکو شرف قبولیت بخش دی

میچز میں دلچسپی مزید بڑھے گی، آفریدی، زیادہ شائقین کی توجہ مل سکتی ہے، مصباح

فوٹو: نیٹ

کھلاڑیوں نے ٹی 10 طرز کرکٹ کو شرف قبولیت بخش دی،دبئی میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ میں لمحہ بہ لمحہ تبدیلی اور وقت کے ساتھ ساتھ تیزی آتی جارہی ہے۔


ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ متعارف کرائے جانے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ بھی بدل گئی، ٹی10میچز سے شائقین کی کھیل میں دلچسپی مزید بڑھ جائے گی، اپنی بیٹنگ کے بارے میں انھوں نے کہا کہ جب مجھے اس پلان کے بارے میں بتایا گیا تو میں بہت پُرجوش ہوا اور درخواست کی کہ ایونٹ کا حصہ بننا چاہتا ہوں، یہ مختصر فارمیٹ کی مزید تیز کرکٹ ہے، اس میں بوم بوم تو ہوگا۔ سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ اوورز کم ہونے کی وجہ سے کرکٹرز ریٹائرمنٹ کے بعد بھی زیادہ عرصہ تک اس طرز کی کرکٹ میں حصہ لے سکتے ہیں،ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹی10 متعارف کرانے کا مقصد زیادہ سے زیادہ شائقین کی توجہ حاصل کرنا ہے۔

اگر مختصر ترین فارمیٹ کو فروغ حاصل ہوا تو ایک دن آئی سی سی بھی اسے تسلیم کرے گی۔ انگلش اسٹار ایون مورگن نے کہا کہ ہم سب کو پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ یاد ہے،یہ فارمیٹ تیزی سے کرکٹ کے دیگر فارمیٹس پر اثرانداز ہوا اور اگر یہ نیا آئیڈیا بھی کام کر گیا تو اس کے بھی کھیل پر اثرات مرتب ہوں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2003 میں انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو متعارف کرایا گیا تھا، اس فارمیٹ کا پہلا انٹرنیشنل میچ فروری 2005 میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا، اس طرز کے مقابلے مقبولیت میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔
Load Next Story