خواجہ سرا صنم فقیر انتخابات میں حصہ لے کر نئی تاریخ رقم کرنے کے لئے تیار

صنم کافی عرصے سے سکھر میں ایک فلاحی بہبود کا ادارہ اور ایک کمپیوٹر ٹریننگ سینٹر بھی چلارہی ہیں

صنم آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر نصر اللہ بلوچ کے مقابلے میں الیکشن لڑیں گی۔ فوٹو: ایکسپریس

32 سال کی خواجہ سرا صنم فقیر نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

صنم فقیر سکھر سے صوبائی اسمبلی کی نشست کے لئے انتخابات لڑنے کے لئے پوری طرح سے پُرعزم دکھائی دیتی ہیں کیونکہ وہ اپنے حلقے میں کافی مشہور ہیں اور لوگ انہیں کافی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صنم کا کہنا ہے کہ لوگوں نے ان کے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کو سراہا ہے، صنم پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر نصر اللہ بلوچ کے مقابلے میں الیکشن لڑیں گی۔


صنم کافی عرصے سے اپنے شہر میں ایک فلاحی بہبود کا ادارہ اور ایک کمپیوٹر ٹریننگ سینٹر چلارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈانس کر کے لوگوں کا دل بہلانے میں کوئی ہرج نہیں اگر خواجہ سراؤں کے ڈانس کرنے سے دوسروں کو دو پل کی خوشی میسر آتی ہے تو یہ اچھی بات ہے لیکن جسم فروشی کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ وہ اس کے سخت خلاف ہیں۔

صنم کا کہنا ہے کہ انتخابات میں جیتنے کے بعد وہ اسمبلی میں خواتین اور بزرگ افراد کے حقوق کے لئے ایک بل پیش کریں گی، خواتین کے حقوق کے لئے قوانین تو موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بھی ہمیں مؤثر تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے ملک میں تعلیم بہت مہنگی ہے جو غریب کی پہنچ سے باہر ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story