معین خان کو دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا امکان

طلعت علی سری لنکا کیخلاف یواے ای میں سیریز کے بعد ذمہ داریاں چھوڑ دیں گے،ذرائع

معین خان ورلڈکپ 2015میں بھی بطور منیجر قومی اسکواڈ کے ہمراہ تھے،فوٹو :فائل

معین خان کو دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کا منیجر بنائے جانے کا امکان ہے، طلعت علی سری لنکا کیخلاف یواے ای میں سیریز کے بعد ذمہ داریاں چھوڑ دیں گے۔


معین خان ورلڈکپ 2015میں بھی بطور منیجر قومی اسکواڈ کے ہمراہ تھے لیکن ایک کسینو میں پائے جانے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آئے اور اس وقت کے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ان کو وطن واپس بلالیا تھا،بعد ازاں ذمہ داریاں سنبھالنے والے وسیم باری بھی سبکدوش ہوئے تو قرعہ فال طلعت علی کے نام نکلا،سابق ٹیسٹ کرکٹر کو ابتدا میں چیمپئنز ٹرافی تک ذمہ داریاں تفویض کی گئی تھیں،تاہم کسی نئے منیجر کا تقرر نہ ہونے کے وجہ سے ان کو یواے ای میں سری لنکا کیخلاف سیریز کے اختتام تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق طلعت علی کا خلا پرکرنے کیلیے معین خان مضبوط امیدوار کے طور سامنے آئے ہیں،نجم سیٹھی کے بطور چیئرمین پہلے مختصر دور میں بھی ان پر نوازشات جاری رہی تھیں،انہیں کوچنگ سے ہٹایا گیا تو منیجر کی ذمہ داریاں سپرد کردی گئیں،نجم سیٹھی اب دوبارہ بھرپور قوت کیساتھ بورڈ کے سربراہ کا عہدہ سنبھال چکے ہیں،اس صورتحال میں معین کی بطور منیجر ٹیم میں واپسی کیلیے راستہ صاف نظر آرہا ہے۔
Load Next Story