سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو شکست دیدی

317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی

پاکستان کی پوری ٹیم 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،فوٹو:فائل

ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

سری لنکا کے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، آج آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی سرفراز احمد تھے جو کہ 68 رنز بنا کر پریرا کا شکار ہوئے، ان کے بعد آنے والے کھلاڑی محمد عامر بھی 4 رنزبنا کر پریرا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، یاسر شاہ بھی زیادہ دیر تک اسد شفیق کا ساتھ نہ دے سکے اور 5 رنزبنا کرہیراتھ کا شکار ہوگئے، 244 کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق بھی ہمت ہار بیٹھے اور 112 رنزبنا کر لکمل کا شکار ہوگئے ،جب کہ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی وہاب ریاض تھے جو کہ ایک رنز بنا کر ہیراتھ کو وکٹ تھما بیٹھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :ناکامیوں سے سبق سیکھیں گے


سری لنکا کی جانب سے پریرا نے 5 شکار کیئے جب کہ ہیراتھ نے 2، لکمل ،گماگے اورفرنینڈو نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی،سری لنکن بلے باز دیموتھ کرونارتنے کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں یہ پہلی شکست ہے۔

یہ بھی پڑھیں :سری لنکا نے پاکستان کو ساتویں پوزیشن پردھکیل دیا

اس سے قبل اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا نے 482 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 220 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی تاہم اپنی دوسری اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 96 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

واضح رہے کہ ابو ظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بھی سری لنکا نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔
Load Next Story