لانڈھی مٹھائی کی دکان میں ڈاکو کی فائرنگ سے ساتھی ہلاک

مشتعل افراد نے ڈاکو پرتشدد کیا، پولیس نے بمشکل اسپتال پہنچایا،ڈی ایس پی

لانڈھی 6 نمبر پر گذشتہ روز 2 ڈاکو مٹھائی کی دکان میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی۔ فوٹو: فائل

لانڈھی میں مٹھائی کی دکان پر ڈکیتی کی واردات شہریوں نے ناکام بنادی۔

اس دوران ایک ڈاکو کی فائرنگ سے اس کا ساتھی ہلاک جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے، شہریوں نے ڈاکو کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔


تفصیلات کے مطابق لانڈھی 6 نمبر پر گذشتہ روز 2 ڈاکو مٹھائی کی دکان میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی، فرار ہونے کے دوران موقع پر موجود افراد نے انھیں پکڑلیا جس پر ایک ڈاکو نے اندھادھند فائرنگ شروع کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی، فائرنگ کے نتیجے میں اس کا اپنا ہی ساتھی ہلاک ہوگیا، مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔

جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر شکیل اور فیصل زخمی ہوگئے، مشتعل افراد نے ڈاکو کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور سخت جدوجہد کے بعد ڈاکو کو مشتعل افراد کے چنگل سے نکال کر اسپتال پہنچایا ، ڈی ایس پی لانڈھی مجید عباس نے بتایا کہ مرنے والے ڈاکو کی شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ زخمی ڈاکو بے ہوش ہے جس کی وجہ سے وہ بیان دینے کے قابل نہیں ہے۔
Load Next Story