تازہ کمک کے پہنچنے سے مصباح کا چہرہ چمک اٹھا

تین مقابلوں میں ناکامی سے دنیا ختم نہیں ہوگئی،مثبت ذہن کے ساتھ اگلے مقابلے جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے،مصباح الحق

مصباح پروٹیز سے پانچ روزہ مقابلوں میں شکست کا بدلہ ون ڈے سیریز میں لینا چاہتے ہیں۔ فوٹو : فائل

ون ڈے سیریز کیلیے تازہ کمک کے پہنچنے سے مصباح الحق کا چہرہ دوبارہ سے چمک اٹھا، ٹیسٹ سیریز میں شرمناک شکست کا بدلہ ایک روزہ میچز میں لینے کی ٹھان لی۔

ون ڈے کپتان کا کہنا ہے کہ تین مقابلوں میں ناکامی سے دنیا ختم نہیں ہوگئی، ہم مثبت ذہن کے ساتھ اگلے مقابلے جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کی خفت بھلا کر کپتان مصباح الحق نے اپنی توجہ اب ون ڈے سیریز پر مرکوز کرلی جس کے لیے پاکستان سے تازہ دم کھلاڑی گذشتہ روز پہنچ چکے ہیں۔ مصباح پروٹیز سے پانچ روزہ مقابلوں میں شکست کا بدلہ ون ڈے سیریز میں لینا چاہتے ہیں۔


ٹوئنٹی 20 اور ایک روزہ فارمیٹ میں پاکستان ٹیم زیادہ بہتر جبکہ پروٹیز ان دونوں طرز کی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی تبدیلی کے مرحلے سے گزررہے ہیں۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جب آپ کسی دوسرے فارمیٹ میں حصہ لیں تو صورتحال یکسر مختلف ہوتی ہے، نئے کھلاڑیوں کی ٹیم میں آمد مفید ثابت ہوگی،وہ تازہ ذہن کے ساتھ آرہے ہیں، ان سے ٹیم کو کافی فائدہ حاصل ہوگا۔ واضح رہے کہ اگر پاکستانی ٹیم ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے تو ٹیسٹ سیریز میں شکست کا غم کم ہوسکتا ہے اور یہی مصباح الحق اپنے کھلاڑیوں سے چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دنیا کا اختتام نہیں ہوگیا۔



اب یہ ہم پر ہے کہ باقی میچز میں مثبت ذہن کے ساتھ کھیل کر کامیابی کی راہ پر گامزن ہوجائیں۔ دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیسٹ کپتان گریم اسمتھ موسم گرما کے شانداراختتام پر کافی خوش ہیں، انھوں نے اسے خصوصی سمر قرار دیا،اس دوران پروٹیز نے ملک سے باہر نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا میں فتوحات حاصل کیں جبکہ اپنے ہوم گرائونڈز پر کیویز اور پاکستان کے خلاف مسلسل پانچ ٹیسٹ میچز جیتے۔ گریم اسمتھ نے کہا کہ ہم نے دیار غیر میں اچھی کارکردگی پیش کی، اس لیے اپنے کرائوڈ کے سامنے بھی بہتر پرفارم کرنا چاہتے تھے جس میں کامیاب رہے،اگرچہ ہم ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پر موجود ہیں مگر اب بھی ہمیں بہت کچھ حاصل کرنا ہے، ہم کسی بھی صورت سہل پسندی کا شکار نہیں ہوسکتے، ہمیں جو بھی کامیابیاں حاصل ہوئیں وہ ان کھلاڑیوں کی بدولت ہیں جن کا مجھے ساتھ حاصل ہے۔
Load Next Story