امریکی وزرا ڈومور کا سخت پیغام لے کر پاکستان کا دورہ کریں گے

رواں ماہ کے آخر میں پہلے امریکی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچیں گے جس کے بعد وزیر دفاع آئیں گے

ٹرمپ انتظامیہ کے دونوں اعلیٰ حکام پاکستان کو مسلح تنظیموں کی حمایت ختم کرنے کا سخت پیغام دیں گے۔ فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلیٰ سفارت کار اور فوجی مشیر چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وزیر دفاع جم میٹس بھی آئیں گے۔ باخبر ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے دونوں اعلیٰ حکام پاکستان کو مسلح جہادی تنظیموں کی حمایت ختم کرنے کا سخت پیغام دیں گے۔



یہ بھی پڑھیں: پاکستان افراتفری پھیلانے والے افراد کو پناہ دیتا ہے، امریکی صدر کا الزام


رواں ہفتے امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے امریکی کانگریس کو بتایا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے ایک کوشش اور کریں گے جس میں ناکامی کی صورت میں صدر ٹرمپ ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تاحال ہم نے دونوں ملکوں کے فوجی تعلقات میں کوئی خاص فرق نہیں دیکھا اور جم میٹس کے دورے کے بعد بھی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہونے والی۔


2011 میں ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈو آپریشن میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور امریکا کے تعلقات شدید کشیدہ ہوگئے تھے اور اس کے بعد سے کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ برسراقتدار آنے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے اس بات کا اشارہ دیا کہ پاکستان کے ساتھ امریکا کی مایوسی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ اب کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔ اگست میں انہوں نے پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام بھی لگایا۔
Load Next Story