انسداد رشوت مہم کسٹمز افسران کے خلاف کارروائی شروع

اپریزمنٹ کلکٹریٹ میں انسداد رشوت مہم سے کسٹمزافسران میں شدید بے چینی ہے، ذرائع

پرنسپل اپریزر 10 لاکھ مانگنے کی شکایت پرمعطل، انکوائری، بے قصورثابت ہونے پربحال۔ فوٹو : فائل

انسداد رشوت ستانی مہم کے تحت کسٹمز افسران کے خلاف موصول ہونے والی ہر شکایت پر فی الفور تادیبی کارروائی کا آغاز ہو گیا۔

چیف کلکٹر اپریزمنٹ ساؤتھ نے انسداد رشوت ستانی مہم کے تحت کسٹمز افسران کے خلاف موصول ہونے والی ہر شکایت پر فی الفور تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت متعلقہ کسٹمز افسران کو ابتدائی طور پر معطل یا ڈیوٹی آف کرنے کی پالیسی اختیار کی گئی ہے، دوسرے مرحلے میں اس افسر سے متعلق موصول ہونے والی شکایت کی تحقیقات کی جارہی ہیں، دوران تحقیقات جب اس امرکی تصدیق ہوتی ہے کہ افسران کرپشن میں ملوث نہیں تو ان معطل یا آف ڈیوٹی افسران کو ان کے عہدے وذمے داریوں کے ساتھ بحال کرنے کے احکام جاری کردیے جاتے ہیں۔


ذرائع نے بتایا کہ چیف کلکٹریٹ اپریزمنٹ کی انسداد رشوت ستانی کی اس مہم سے کسٹمز افسران میں شدید بے چینی اور اضطراب کی لہر پائی جارہی ہے۔ گزشتہ دنوں ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمٹ ایسٹ کے شعبہ آراینڈڈی میں تعینات ایک پرنسپل اپریزراوراس کی ٹیم کی جانب سے ایک شخص کو ہراساں کرکے 10 لاکھ روپے طلب کیے جانے سے متعلق شکایت موصول ہوتے ہی چیف کلکٹررشید شیخ نے اس پرنسپل اپریزرکو ڈیوٹی آف کردیا تھا تاہم بعد ازاں معاملے کی تحقیقات کے دوران جب اس بات کا انکشاف ہوا کہ مذکورہ پرنسپل اپریزرنہ صرف قابل اور ایماندارافسر ہے بلکہ اس افسر نے لاتعداد کیسوں میں لاکھوں روپے کی چوری شدہ ریونیو کی وصولیاں بھی محکمہ کو کرائی ہیں تو فوری طور پرچیف کلکٹرکی جانب سے مذکورہ پرنسپل اپریزرکو ڈیوٹی پر بحال کردیا گیا۔

اس ضمن میں چیف کلکٹررشید شیخ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پرنسپل اپریزرکو ایک شخص کی شکایت پر ڈیوٹی آف کیاگیا تھا لیکن تفتیش کرنے پر معلوم ہواکہ پرنسپل اپریزر بے قصور ہیں تو انہیں ڈیوٹی پر بحال کردیاگیاہے۔
Load Next Story