ویمنز ٹینس سرینا نے طلائی تمغہ گلے کی زینت بنا لیا

’گولڈن سلم‘ حاصل کرنے والی دوسری خاتون بننے پر خوشی سے رقص،ماریاکو تاریخ کے سب سے یکطرفہ فائنل میں مات

50 میٹر رائفل تھری پوزیشن مقابلوں کے بعد سربین شوٹر میکسمووک سلور میڈ ل تھامے مسکرارہی ہیں (فوٹو ایکسپریس)

لندن اولمپکس میں امریکی سپراسٹار ٹینس پلیئر سرینا ولیمز نے طلائی تمغہ گلے کی زینت بنا لیا، وہ 'گولڈن سلم' اعزاز حاصل کرنے والی دوسری خاتون بن گئیں، انھوں نے سنگلز فائنل میں ماریا شراپووا کو تاریخ کے سب سے یکطرفہ فائنل میں مات دی۔ برطانوی کشتی راں8 میڈلز جیت کر اپنے ملک کا104 برس پرانا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب رہے،میزبان نے ہفتے کو روئنگ میں صرف 20 منٹ کے دوران دو گولڈ میڈلز پر قبضہ کیا۔

قسمت کی مہربانی سے سائنا نیہوال نے بیڈمنٹن میں بھارت کو پہلا اولمپک میڈل جتوا دیا۔ ٹرائیتھلون میں سوئٹزرلینڈ کی نکولااسپرنگ نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں 'فوٹو فنش'پر میدان مارا۔ ویمنز ٹریپ شوٹنگ میں اٹلی کی خاتون پولیس آفیسر جیسیکا روسی نے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ٹینس پلیئر سرینا ولیمز نے روس کی ماریا شراپووا کو 6-0 اور 6-1 سے زیر کرکے کیریئر کا پہلا اولمپک سنگلز گولڈ میڈل اپنے نام کیا،

یہ ویمنز فائنل کی تاریخ کا سب سے بڑا یکطرفہ مقابلہ رہا، اس سے قبل 1920 کے فائنل میں سوزینی لینگلین نے ڈوروتھی ہولمین پر6-3، 6-0 سے غلبہ پایا تھا۔ وہ اپنی بہن وینس کے ہمراہ دو ویمنز ڈبلز گولڈ میڈل بھی جیت چکیں اور اب چاروں بڑے ٹینس ٹائٹل اور ایک سنگل گولڈ پر مشتمل گولڈن سلم جیتنے والی دوسری خاتون ہیں،

سرینا اسٹیفی گراف کی ہمسر ہوگئیں جنھوں نے1988 میںایک ہی برس کے دوران پانچوں بڑے ٹائٹل اپنے نام کیے تھے۔ شراپووا کو زیر کرنے کے بعد سرینا نے کورٹ پر ہی ڈانس کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ ڈورنی جھیل پر ہونے والے روئنگ مقابلوں میں میزبان برطانیہ نے صرف20 منٹ کے اندر دو سونے کے تمغے اپنے نام کیے،مینز فور میں ٹیم نے روایتی حریف آسٹریلیاکو پچھاڑ کر ٹائٹل پر قبضہ کیا۔20 منٹ بعد ویمنز لائٹ ویٹ ڈبل اسکلز میں میزبان کشتی رانوںکیتھرین کوپلینڈ اور سوفی ہوسکنگ نے اپنے ملک کو ایک اور سونے کا تمغہ جتوایا۔ برطانیہ نے روئنگ میں اب تک 4 گولڈ، ایک سلور اور تین برانز میڈل پائے ہیں،


اس طرح کھیل میں سب سے زیادہ میڈلز کا اپنا 100 سال سے بھی پرانا ریکارڈ برابر کردیا، 1908 کے لندن گیمز میں ہی انگلش روورز نے 8 میڈلز جیتے تھے۔ ویمنز سنگل بیڈمنٹن ایونٹ میں چین کی تھرڈ سیڈ لی زیروی نے اپنے ہی ملک کی ٹاپ سیڈ وانگ ییہان کو اپ سیٹ شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا، اسی ایونٹ میں قسمت کی مہربانی سے سائنا نیہوال نے نئی بھارتی تاریخ رقم کی، عالمی نمبرون چین کی وانگ زن کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے سائنا کو برانز میڈل کا حقدار قرار دیا گیا، یہ بیڈمنٹن میں بھارت کا پہلا اولمپک میڈل ہے۔ ویمنز سنگل اسکلز روئنگ میں جمہوریہ چیک کی میروسلوا کناپکووا نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔

سوئٹزرلینڈ کی نکولااسپرنگ نے ٹرائیتھلون کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز مقابلے میں میدان مارلیا، انھوں نے ڈرامائی فوٹوفنش میں سوئیڈن کی لیزا نورڈین کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا، ڈیڑھ کلومیٹر سوئمنگ، 43 کلومیٹر سائیکلنگ اور پھر 10 میٹر دوڑنے کے بعد دونوں ایک ساتھ فنشنگ ٹیپ پر پہنچیں، انھوں نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹے، 59 منٹ اور 48 سیکنڈ میں طے کیا،

ایک سیکنڈ کے دوسویں حصے کے فرق سے آسٹریلیا کی ایرین ڈینشام نے برانز میڈل جیتا۔ ویمنز 50 میٹر رائفل3 پوزیشنز میں امریکا کی جیمی لیان گرے نے نئے اولمپک ریکارڈ اسکور کے ساتھ گولڈ میڈل کو اپنے گلے کی زینت بنایا۔ تھروئنگ اسکینڈل کی زد میں آنے والے بیڈمنٹن ویمنز ڈبل میں سونے کا تمغہ چین کے نام رہا، ژائو یونلی اور ٹائیان چنگ نے جاپانی جوڑی مزوکی فوجی اور ریکی کاکیوا کو مات دے کر ٹائٹل جیتا، ژائو یونلی نے اس سے قبل جمعے کو اپنے بوائے فرینڈ ژانگ نان کے ساتھ مکسڈ ڈبل میں گولڈ میڈل پایا تھا،

اس طرح وہ ایک اولمپکس میں بیڈمنٹن میں دو گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی پلیئر بن گئیں۔ ویمنز ٹریمپولین جمناسٹک میں روسناگ میکلینن نے کینیڈا کو پہلے گولڈ میڈل کا حقدار بنایا۔ ویمنز ٹریپ شوٹنگ میں اٹلی کی خاتون پولیس آفیسر جیسیکا روسی نے ورلڈ ریکارڈ 99 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔

Recommended Stories

Load Next Story