ناقدین کی باتوں سے تنگ آکر ٹی وی دیکھنا چھوڑ دیا دھونی

کبھی خواب میں بھی ڈبل سنچری کا نہیں سوچا تھا، بیٹنگ اسٹائل میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

کبھی خواب میں بھی ڈبل سنچری کا نہیں سوچا تھا، بیٹنگ اسٹائل میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے ناقدین کی باتوں سے تنگ آکر ٹی وی دیکھنا ہی چھوڑ دیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ میں لوگوں کی باتوں پر کان دھرنے کے بجائے صرف اپنے کھیل پر توجہ دی، کبھی خواب میں بھی ڈبل سنچری اسکور کرنے کا نہیں سوچا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مہندرا سنگھ دھونی گذشتہ کچھ عرصے خراب پرفارمنس اور مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے اعتراضات کی زد میں تھے، کئی نامور سابق کرکٹرز نے بھی ان سے کپتانی چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا تھا مگر انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری جڑ کر اپنے ناقدین کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔




چنئی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ میں نے ناقدین کی باتوں پر کان دھرنے کے بجائے صرف اپنے کھیل پر توجہ دی جس سے کافی فائدہ ہوا، انھوں نے کہا کہ میرے لیے سب سے اہم وہ ذمہ داری ہے جسے میں احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں اب تک سب سے اچھا کام میں نے یہ کیا کہ ٹی وی دیکھنا اور اخبارات پڑھنا ہی چھوڑ دیا مجھے اس سے کافی مدد ملی، اخبارات کے آخر سے پہلے والا صفحہ ہمیشہ اسپورٹس کا ہوتا ہے اگر آپ صرف اسی میں کھو جائیں گے تو معلوم ہی نہیں ہوگا کہ بھارت میں اور کیا ہورہا ہے۔

دھونی نے کہا کہ مسلسل اعتراضات کے باوجود میں نے اپنے اسٹائل تبدیل نہیں کیا کیونکہ جو چیز آپ کی خصوصیت ہوتی ہے وہ تبدیل نہیں کی جاسکتی۔ مہندرا سنگھ دھونی نے مزید کہا کہ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کروں گا بلکہ میں نے تو بھارت کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا بھی تصور نہیں کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے فیلڈرز کا اپنے گرد گھیرا دیکھ کر چند بڑے شاٹس کھیلے کیونکہ اگر آپ ایسی پوزیشن میں دفاعی پوزیشن پر آتے ہیں تو پھر آپ کے کیچ ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس کامیابی میں سچن ٹنڈولکر اور ویرت کوہلی کی بڑی اننگز نے اہم کردار ادا کیا۔
Load Next Story