گورنر سندھ کی سبکدوشی کی اطلاعات پر تاجر مایوس ہوگئے

تاجروں کے مسائل کے حل کیلیے ڈاکٹرعشرت العباد نے بہترین کردار ادا کیا،تاجر رہنما.

گورنر سندھ نے منصب سے نہیں کردار سے شناخت کرائی،نااتفاقی کا حصہ نہ بنایا جائے۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کے مستعفی ہونے کی اطلاعات نے شہرکی تاجر برادری کومایوسی سے دوچار کردیا ہے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر و دیگر عہدیداروں نے منگل کو آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں اتحاد کے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ تاجربرادری اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد نے سندھ کے گورنر کی حیثیت سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،انھوں نے کہا کہ اہم ترین ذمے داری پر موجود غیر جانبدار گورنر کو دو جماعتی نااتفاقی کا حصہ نہ بنایا جائے، انھوں نے اپنی شناخت گورنری کی طویل میعاد سے نہیں بلکہ منصب کے اعلیٰ معیار سے کروائی ہے۔

 




اجلاس میں عتیق میر سمیت دیگرتاجر رہنمائوں اکرم رانا، شرجیل گوپلانی،انصار بیگ قادری، عبدالغنی اخوند، زبیر علی خان،عارف قادری، اصغر مورا والا،حنیف ستار، عالم شیخ، احمد شمسی، طارق ممتاز، سید شرافت علی، سلیم الدین راجپوت، حاجی غلام محمد،حنیف خان، آفرین صدیقی اور دیگر نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی صورتحال میں ڈاکٹر عشرت العباد کی منصب سے سبکدوشی صوبے کے تاجروں اور عوام کیلیے نیک شگون ثابت نہیں ہوگی۔

گورنر سندھ نے شہر میں امن و امان کے مسائل کے حل کیلیے ہمیشہ کردار ادا کیا، تجارتی مراکز کے حفاظتی انتظامات کیلیے اقدامات کیے، مارکیٹوں اور شاہراہوں پرکیمروں کی تنصیب اور پولیس کو جدید سامان کی فراہمی کیلیے فنڈز کا اجرا کیا، تاجرنمائندگان نے گورنر سندھ کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر ہائوس کی دیواریں تاجر برادری کیلیے کبھی بھی رکاوٹ نہ بن سکیں۔
Load Next Story