بھارتی اسپن پاورکا توڑ کینگروز نے وارن سے مدد مانگ لی

سابق اسپنر کوچ، کپتان اور سلو بولرز کو قیمتی مشوروں سے نوازتے پائے گئے۔

ریٹائرڈ بولر سے اگلے ٹیسٹ کے لئے دستیابی کا پوچھوں گا، مائیکل کلارک کا مذاق۔ فوٹو : فائل

کینگروز نے بھارتی اسپن طاقت کے توڑ کیلیے شین وارن سے مدد مانگ لی، پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر سابق اسٹار اسپنر کوچ کپتان اور سلو بولرز کو قیمتی مشوروں سے نوازتے پائے گئے، مائیکل کلارک نے ازرائے مذاق کہا کہ وہ وارن سے اگلے ٹیسٹ کے لیے دستیابی کا پوچھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو چنئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارت کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، میزبان اسپن بولرز کے سامنے نامی گرامی کینگرو بیٹسمینوں کے چہروں پرہوائیاں اڑتی رہیں۔میچ کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم انتظامیہ نے سابق اسپنر شین وارن سے مدد مانگ لی جوکہ کمنٹری ٹیم کا حصہ ہیں، چیپوک گرائونڈ میں کپتان مائیکل کلارک، کوچ مکی آرتھر، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن اور اسپنرز ناتھن لیون و زیویئر ڈہورٹی کافی دیر تک شین وارن سے صلاح مشوروں میں مشغول رہے، شین وارن کو اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑے کافی عرصہ ہوگیا ہے مگر وہ انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کی وجہ سے یہاں کی کنڈیشنز کے بارے میں گہری معلومات رکھتے ہیں، انھوں نے سلو پچز پر بیٹنگ اور سلو بولرز کو بولنگ کے بارے میں ٹپس بھی دیں تاہم بعد ازاں میڈیا کے استفسار پر انھوں نے اس ملاقات کی تفصیل بتانے سے معذرت کرلی۔




گذشتہ دنوں شین واٹسن نے کرکٹ آسٹریلیا کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرنے کے ساتھ کھیل میں بہتری کے لیے دو حصوں پر مشتمل منشور بھی جاری کیا تھا۔ دوسری جانب مائیکل کلارک جب پریس کانفرنس کے لیے آئے تو ان سے شین وارن سے ملاقات کے حوالے سے بھی سوالات کیے گئے، انھوں نے ہلکے پھلکے مگر طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ اسپنرز بھارت بھیجنے کا جہاں تک سوال ہے ہم عنقریب پورے ملک کو یہاں بلا رہے ہیں، انھوں نے مذاق میں کہا کہ شین وارن یہیں بھارت میں ہی موجود ہیں میں دیکھوں گا کہ وہ اگلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہیں یا نہیں۔مائیکل کلارک نے کہا کہ ہم اس ٹور پر 17 پلیئرز کے ساتھ آئے ہیں، سب ہی باصلاحیت ہیں ہمیں صرف زیادہ سے زیادہ اچھا پرفارم کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story