تحصیل کونسل تلہار میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف

تیل و دیگر اشیا کی خریداری میں لاکھوں روپے کی غبن، ترقیاتی کاموں کے بوگس بل بناکر کروڑوں روپے ہڑپ کرلیے گئے

لاکھوں روپے بے روزگار نوجوانوں سے لے کرجعلی ملازمت کے آرڈر دیے گئے۔ فوٹو: فائل

تحصیل کونسل بدین کے بعد تحصیل کونسل تلہار میں بھی کروڑوں روپے کے خورد برد اور بے قاعدگیوں کا انکشاف ۔

پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیدار اور شہری کرپشن کے خلاف عدالت پہنچ گئے۔ عدالت کی جانب سے محکمہ اینٹی کرپشن کو انکوائری اور کارروائی کا حکم۔ پیپلز پارٹی تلہار کے صدر منوں جتوئی اور شہری نواز علی جتوئی نے اپنی تحریری درخواست میں الزام لگایا کہ مقامی ایم پی اے پیپلز پارٹی سندھ کونسل کے رکن عبد الغفور نظامانی اور تحصیل کونسل کے آفیسر مختیار احمد بھرت، غلام مصطفی میمن اور منیر حسین خواجہ نے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر ڈمی اخبارات جو مارکیٹ میں ہی نہیں آتے ہیں میںشائع کراکے فنڈز ہڑپ کرلیے ہیں جبکہ تحصیل کے کسی شہر قصبے یا دیہات میں کوئی ترقیاتی کام ہی نہیں ہوا، جبکہ پہلے سے تعمیر شدہ روڈ اور دیگر اسکیموں کو نئی ظاہر کرکے بل ہڑپ کرکے آپس میں تقسیم کرلیے۔




اس کے علاوہ لاکھوں روپے بے روزگار نوجوانوں سے لے کرجعلی ملازمت کے آرڈر دیے گئے، سماجی فلاحی اور ہنگامی کاموں کے بوگس بل بنائے گئے، طلبہ کے اسکالر شپ، غریب مریضوں کے علاج، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے نلکوں اور موٹر مشینوں کی خریداری اور تیل کی مد میں لاکھوں روپے کے غبن کے الزامات کے ساتھ شہریوں نے سول جج بدین میں درخواست دائر کردی۔سینئر سیاسی سماجی رہنما نواز جتوئی اور پیپلز پارٹی تلہار کے صدر منوں جتوئی نے بتایا کہ وہ لوٹ مار اور کروڑوں روپے کی کرپشن کے خلاف ہر محاذ پر آواز بلند کرنے کے علاوہ قانونی جنگ بھی لڑتے رہیں گے۔
Load Next Story