قائد اعظم ٹرافی فائنل سیالکوٹ کیلئے شکست کا راستہ روکنا دشوار

189 پر 5 وکٹیں گنوادیں، منصور کے 60 رنز، ایوب کی57 رنز کے ساتھ مزاحمت جاری

بہاولپور کیخلاف فیصل آباد کی فتح کا امکان روشن۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔

سیالکوٹ کی ٹیم اننگز کی خفت کو ٹالنے میں تو تقریباً کامیاب ہوگئی ہے مگر میچ بچانے کیلیے اس کے آخری 5 بیٹسمینوں کو سخت محنت کرنا ہوگی، چوتھے روزکراچی نے سیالکوٹ کی پہلی باری میں229 کے جواب میں 428 رنز بناکر199 رنز کی برتری حاصل کی تو سیالکوٹ نے کھیل ختم ہونے تک 5 وکٹ گنوا کر 189 رنز بنالیے ہیں اس کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے ابھی بھی 10 رنز کی ضرورت ہے۔

آج میچ کا آخری روز ہوگا۔ دوسری طرف باٹم سکس کے فیصلہ کن معرکہ میں فیصل آباد کی ٹیم فتح کے قریب پہنچ گی، بہاولپور کو میچ جیتنے کیلیے 4 وکٹ پر248 رنز کا کوہ ہمالیہ سر کرنا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری قائداعظم ٹرافی کے فائنل کے چوتھے روز کراچی بلوز کی ٹیم اپنے گذشتہ اسکور7 وکٹ پر401 رنز میں صرف 27 رنز کا ہی اضافہ کرسکی۔ سنچری میکر اکبرالرحمان بھی مزید 2 رنز بناکر 178 پر پویلین لوٹ گئے، اعظم حسین نے ناقابل شکست 74 کی اننگز تراشی۔

سیالکوٹ کے بلاول بھٹی 119 رنز کے عوض 4 شکار کرکے کامیاب ترین بولر ٹھہرے، علی خان نے50 اور فیصل رشید نے64 کے عوض2,2 بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا، نئیرعباس اور ماجد جہانگیر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ کراچی کی199رنز کی برتری کو ختم کرنے کیلیے سیالکوٹ نے اپنی دوسری باری کا آغاز کیا تو شکیل انصر 11 ،ماجد جہانگیر37 اور فیصل خان 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔




اس موقع پر پہلی اننگز کے ففٹی میکر محمد ایوب اور منصور امجد نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورتحال میں سنبھلنے کا موقع فراہم کردیا، منصور امجد60 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد نئیر عباس بھی صرف4 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے، چوتھے روز کے اختتام تک سیالکوٹ نے 5 وکٹ کھو کر189 رنز بنالیے تھے، اسے ابھی بھی کراچی کی پہلی اننگز کا اسکور پورا کرنے کیلیے10 رنز کی ضرورت ہے، جب کھیل ختم ہوا تو محمد ایوب 57 اور ذیشان مشتاق 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ کراچی کی جانب سے طارق ہارون نے43 اور اکبر الرحمان نے25 رنز دیکر دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، جبکہ رومان رئیس ایک بیٹسمین کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

دوسری طرف ملتان اسٹیڈیم میں قائداعظم ٹرافی باٹم سکس فیصلہ کن معرکہ میں فیصل آباد کی ٹیم نے اپنے عمدہ کھیل کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے بہاولپور کے گرد شکنجہ کس لیا ہے، فیصل آباد نے بدھ کو دوسری باری میں گذشتہ روز کے اسکور 203 رنز چار وکٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو ٹیم اسکور میں مزید 187 رنز کا اضافہ کرسکی اور 390 رنز بناکر حریف سائیڈ کو فتح کیلیے 374 رنز کا ہدف دیا،خرم شہزاد نے 10 چوکوں کی مددسے117 رنز کی اننگز تراشی ، محمد سلمان نے37 اور سمیع اللہ نیازی نے22 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا، دیگر بیٹسمینوں میں محمد سجاد اور علی وقاص55 ،55 رنز کیساتھ نمایاں رہے، 374رنز کے ہدف کو ممکن بنا نے کیلیے میدان میں اترنے والی بہاولپور کی ٹیم صرف136 رنز پر6 وکٹ گنوا چکی ہے، اسکو میچ فتح کیلیے ابھی بھی248 رنز کی ضرورت ہے۔

جبکہ اس کے پاس صرف 4 وکٹ باقی ہیں، دوسری اننگز میں بلال خلجی صرف 21 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ فیصل الہٰی 33 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ فیصل آباد کی جانب سے بلال بٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے52 رنز دیکر2 شکار کیے جبکہ سمیع اللہ نیازی، عمران خالد،خرم شہزاد اور خرم شہزاد جونیئر نے ایک ایک وکٹ کا بٹوارہ کیا۔ کھیل کے چوتھے روز فیصل آباد کو فتح کیلیے صرف 4 وکٹ کی ضرورت ہے تو بہاولپور کو248 رنز کا کوہ ہمالیہ سر کرنا ہے۔
Load Next Story