بھارتی اسنوکر ٹیم کو دورہ پاکستان کیلیے این او سی جاری

کراچی میں 7 مارچ سے اسنوکر ٹیسٹ سیریز منعقد ہونے کے امکانات روشن

کراچی میں 7 مارچ سے اسنوکر ٹیسٹ سیریز منعقد ہونے کے امکانات روشن۔ فوٹو : فائل

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی خصوصی ہدایت پر بھارتی اسنوکر ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے این او سی جاری کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے بدھ کو پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ سے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں موقع پر ہی وزارت داخلہ کے حکام کو بھارت میں پاکستان کے ہائی کمیشن کو این او سی جاری کرنے کا حکم صادرکیا جس کے بعد 7مارچ سے کراچی میں شیڈول پاک بھارت اسنوکر ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے۔


دریں اثناء رابطے پرعالمگیر شیخ نے بتایا کہ دوران ملاقات رحمان ملک نے کہا کہ امن سیریز سے دونوںممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہو گا اور خوشگوار تبدیلی آئے گی، جبکہ 4کیوئسٹس پر مشتمل بھارتی اسنوکر ٹیمٕ کو دورہ پاکستان میں بھر پور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔



وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاست کو کھیلوں سے دور رکھنا ہوگا جبکہ کھیل تعلقات میں خوشگوار تبدیلی لانے کا باعث بنتے ہیں اور امید ہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان دوسرے کھیلوں کی ٹیموں کا بھی تبادلہ ہوگا۔واضح رہے کہ ' ایکسپریس' نے اپنی منگل کی اشاعت میں این او سی جاری کرنے کی خبر دیدی تھی۔ دریں اثنا اسنوکر چیمپئن محمد آصف کو تمغہ حسن کارکردگی کی سفارش کی جائے گی۔
Load Next Story