نڈال کا 38ویں کلے کورٹ ٹائٹل کی جانب سفر کا آغاز

اکاپلکو ایونٹ میں شوارٹز مین کو پچھاڑ دیا، ڈیلرے بیچ میں جون اسپنر کامیاب، نشیکوری انجرڈ ہوگئے۔

اکاپلکو ایونٹ میں شوارٹز مین کو پچھاڑ دیا، ڈیلرے بیچ میں جون اسپنر کامیاب، نشیکوری انجرڈ ہوگئے۔ فوٹو: رائٹرز

سابق عالمی نمبر ایک رافیل نڈال نے 38 ویں کلے کورٹ ٹائٹل کیلیے جستجو شروع کردی، انھوں نے اے ٹی پی ٹور کے اکاپلکو ایونٹ میں ڈائیگو سبستین شوارٹزمین کو پہلے راؤنڈ میں 6-2, 6-2 سے زیر کیا۔

سات ماہ انجری کے بعد کورٹ میں واپس آنیوالے نڈال نے شوارٹزمین کو ہرانے میں صرف 68 منٹ لگائے۔ 20 سالہ شوارٹزمین مینز ڈرا میں سب سے کم عمر اور 157 ویں رینکڈ پلیئر ہیں ۔ 11 مرتبہ گرانڈ سلم چیمپئن نڈال دوسرے راؤنڈ میں ارجنٹائنی کوالیفائر 27 سالہ مارٹن النڈ کا سامنا کریں گے۔ نڈال نے اس ماہ کے اوائل میں ساؤ پاؤلو، برازیل میں ڈیوڈ نلبدین کو فائنل میں شکست دے کر اپنا 37 واں کلے کورٹ ٹائٹل جیتا تھا۔ یہ بھی توقع ہے کہ نڈال اپریل میں مناکو میں ایک ماسٹرز سیریز کھیلیں گے اور 26 مئی سے شیڈول فرنچ اوپن سے قبل میڈرڈ اور روم میں مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

ادھر ڈیلرے بیچ ، فلوریڈا میں ٹاپ سیڈ جون اسنر نے اے ٹی پی ٹور میں جیسی لیوائن کیخلاف تین سیٹس میں فتح سمیٹی۔ اس سال کے آغاز میں گھٹنے کی انجری سے صحتیاب ہونے اور اپنی فارم کو حاصل کرنے کے لیے اسنر نے کینیڈا کے لیوائن کیخلاف کھیل کی ابتدا آہستگی سے کی لیکن تیسرے سیٹ میں بہتر کارکردگی دکھا کر میچ 7-6 (7/3), 5-7, 6-4 سے جیت لیا۔ اسنر گذشتہ سال ڈیلرے بیچ کے سیمی فائنلز تک پہنچ گئے تھے جہاں ان کا مقابلہ جاپان کے گو سویڈا سے تھا۔ سویڈا نے تھرڈ سیٹ ٹائی بریک پر قابو پاکر گذشتہ سال کے فائنلسٹ میرنکو ماٹسوک کو شکست دی تھی۔




سابق فاتح جاپان کے نمبر ایک اور فورتھ سیڈ کائی نشیکوری فرسٹ سیٹ (4-5) میں ریٹائر ہوچکے ہیں جہاں وہ آئیوکارلووک سے مقابلہ کررہے تھے۔ فورتھ سیڈڈ نشیکوری نے پانچ سال قبل امریکا کے جیمز بلیک کو ڈیلرے بیچ میں ہرا کر اپنے کیریئر کا پہلا اے ٹی پی ٹور ٹائٹل جیتا تھا۔ علاوہ ازیں اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے اکا پلکو ٹینس ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں اسپین کے نمبر ون ڈیوڈ فیررنے کروشیا کے انتونیو ویئک کو 6-0, 6-3 سے ہرایا، اسپین ہی کے تھرڈ سیڈ نکولس المارگو نے میکیسیکو کے سیزار رامیریز کو 6-0, 6-1 سے ، اسپین ہی کے ڈینئل گیمونو نے ارجنٹائن کے کارلوس برلوک ، امریکا کے وائن اوڈیسنک نے پولینڈ کے لوکاس کبوٹ، اٹلی کے پاؤلو لورینزی نے بینوئٹ پیری، اٹلی ہی کے فیبیو فوگنینی نے سوئٹزرلینڈ کے اسٹینیسلاز ویررنکا کو زیر کیا۔

ویمنز پہلے راؤنڈ میں اٹلی کی نمبر ایک سیڈ سارا ایرانی نے رومانیہ کے الیگزینڈرا کیڈانٹو کو6-3, 6-2 ، اٹلی کی نمبر چھ سیڈ فرانسیسکا شیاون نے امریکا کی گریس من ، اسپین کی ماریا ٹورو نے فرانس کی پولین پارمینٹئر، سوئٹزرلینڈ کی8 سیڈ رومینا اوپرانڈی نے امریکا کی الیکزا گلیچ اور لکسمبرگ کی مینڈی مینیلا نے سلویا سولر کو ہرایا۔ دیگر مقابلوں میں جرمنی کے سیکنڈ سیڈ ٹومی ہاس نے ہالینڈ کے ایگور سجزلنگ کیخلاف میچ اس وقت جیت لیا جب سجزلنگ پہلا سیٹ جیتنے کے بعد تیسرے سیٹ میں ریٹائر ہوگئے، میچ کا اسکور 5-7, 6-4 اور ریٹائرڈ رہا، روس کے 6 سیڈ کیون اینڈرسن نے امریکا کے ٹم اسمائیزک کو 6-3, 6-4 سے، فرانس کے روجر ویسیلن نے اٹلی کے فلیویو سیپولا، امریکا کے جیک سوک نے آسٹریلیا کے میتھیو ایبڈن اور اسپین کے ڈینئل منوز نے امریکا کے ریان ہیرسن کو شکست دی۔
Load Next Story