سندھ میں ن لیگ نے بہت کام کیاکامیابی حاصل کرینگےرانا تنویر

کالعدم تنظیم سے تعلقات نہیں، متحدہ پی پی نورا کشتی کر رہے ہیں، کل تک میں گفتگو

میٹرو منصوبے پرسبسڈی دینا غلط ہے،مہرین، خیبر پختونخوا میں ہماری اکثریت ہو گی،نعیم الحق. فوٹو: فائل

لاہور:
ن لیگ کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کسی کالعدم تنظیم سے تعلقات نہیں ہیں اور نہ ہی کسی ایسی تنظیم کی مدد سے اقتدار میں آنا چاہتی ہے۔

پروگرام 'کل تک' میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آئین اور قانون کے مطابق عبوری سیٹ اپ میں نگراں وزیراعظم کیلیے خط لکھا ہے ابھی 15 روز باقی ہیں ان کو 2 نام ارسال کر دیے جائیں گے، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی نوراکشتی کر رہے ہیں، سندھ میں ن لیگ نے بہت کام کیا ہے، اس الیکشن میں ہم کامیابی حاصل کریںگے۔




پیپلز پارٹی کی رہنما مہرین انور راجا نے کہا کہ پیپلزپارٹی کیخلاف ہمیشہ اتحاد بنتے رہے ہیں، ایم کیوایم ہماری اتحادی تھی لیکن اب وہ ہمارے ساتھ نہیں ہے، مسلم لیگ ن کی خواہش ہو سکتی ہے کہ سندھ میں جیت سکے اور خواہش پر کوئی پابندی نہیں ہوتی، ہم نے 1971 کے بل کی جگہ سندھ ایکٹ 2012 نافذ کرنے کی کوشش کی لیکن عوام کنفیوز تھے، ہم نے عوام کے پریشر اور کنفیوژن دور کرنے کیلیے اس بل کو واپس لیا ہے، عوامی خدمت کے کام ہونے چاہئیں لیکن یہ زیادتی ہے کہ 30 ارب روپے 27 کلومیٹر کی سڑک پر خرچ کر دیے گئے، میٹروبس سروس کا منصوبہ صحیح ہے لیکن ہر سال حکومت کو سبسڈی دینا پڑیگی جو غلط ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ سندھ میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا، کراچی میں 4 سے 5سیٹوں پر ہمارا ایم کیوایم کے ساتھ کانٹے کا مقابلہ ہو گا، ہم مانتے ہیں کہ کراچی میں ہمارے پاس مضبوط امیدوار نہیں ہیں، پنجاب میں مسلم لیگ ن سے مقابلہ ہو گا جبکہ خیبرپختونخوا میں ہماری اکثریت ہو گی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کسی کو فائدہ اس لیے نہیں پہنچا کہ غربت بڑھنے کی وجہ سے ملنے والی رقم بہت کم لگتی تھی۔
Load Next Story