کراچی میں چلتی بس میں کنڈیکٹر کے ہاتھوں مسافر قتل

پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جب کہ کنڈکٹر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا

پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جب کہ کنڈکٹر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بہادرآباد میں چلتی بس میں کنڈکٹر نے تیز دھار آلے کے وار کرکے مسافر کو قتل کردیا۔

کراچی کے علاقے بہادرآباد میں بس کنڈکٹر مسافر کو قتل کرکے فرار ہوگیا جب کہ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ بس میں مسافر اور کنڈکٹر کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھ پائی میں بدل گئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو مارا پیٹا۔


یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بیٹوں نے غیرت کے نام پر باپ کو قتل کردیا

پولیس کا کہنا ہے کہ کنڈیکٹر نے تیز دھار آلے سے مسافر پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ زیادہ خون بہنے پر مسافر کی حالت غیر ہوگئی جس پر بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر گھبرا گئے۔ ڈرائیور نے بتایا کہ وہ مسافر کو سائٹ کے نجی اسپتال لے گئے مگر اسپتال انتظامیہ نے علاج سے انکار کردیا اور کہا کہ اسے کسی بڑے اسپتال لے جاؤ تاہم کسی اور اسپتال پہنچنے سے قبل مسافر دم توڑ گیا۔

بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے مسافر کی لاش غنی چورنگی پر واقع ایدھی بوتھ کے حوالے کی اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ڈرائیور کو دھر لیا اور کنڈیکٹر زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ کنڈیکٹر کے سر پر بھی چوٹ آئی ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ مقتول کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جو نجی سیکیورٹی کمپنی میں گارڈ تھا۔
Load Next Story