نوازشریف نے ذوالفقار کھوسہ کو منانے کیلیے کمیٹی تشکیل دیدی

کھوسہ اب بھی ن لیگ کے رکن ہیں،اختلافات دور کرلیں گے، نواز شریف

کھوسہ اب بھی ن لیگ کے رکن ہیں،اختلافات دور کرلیں گے، نواز شریف۔ فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ذوالفقار کھوسہ کومنانے کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی میں راجہ اشفاق سرور، وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور ندیم کامران شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں ذوالفقار کھوسہ سے ملاقات کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ذوالفقار کھوسہ اور نواز شریف کی ملاقات ہو گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ ذوالفقار کھوسہ اب بھی مسلم لیگ (ن) کے رکن ہیں، انھوں نے سینئر مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، پارٹی میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں، معاملات جلد حل کر لیں گے۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی ملاقات آج متوقع ہے جبکہ نواز شریف سات اگست کو عمرہ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ دریں اثنا آئی ٹی کے عالمی ماہر اور مائیکرو سافٹ کارپوریشن کے کنٹری ہیڈ کمال احمد نے مسلم لیگ (ن)کے صدر نوازشریف سے ملاقات کی اور انکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہو ئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔


کمال احمد بزنس مینجمنٹ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیو نیکیشن کے شعبوں میں اندرون اوربیرون ملک ایک اتھارٹی کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی خاطرانھوں نے مائیکرو سافٹ سے استعفیٰ دیاہے۔نوازشریف نے کمال احمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جدید علوم سے وابستہ افراد مسلم لیگ (ن)اور اس کے پروگرام پرمکمل اعتماد کرتے ہیں۔ ہماری حکومت نے ماضی میں عوام کی خوشحالی کے منصوبے بنائے اور خصوصاً ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے کی بنیاد رکھی۔

کمال احمد کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں انفا رمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میںانقلابی پروگرام ترتیب دیں گے۔ ملک کو کمال احمد جیسے دیانتداراور مخلص لوگوں کی ضرورت ہے، کمال احمد نے کہا کہ وہ نواز شریف کے وِژن اور انقلابی پروگرام سے متاثر ہو کرمسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو بحرانوں سے نکال کر خوشحال بنا سکتی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story