کراچی ٹارگٹ کلنگ جاری مزید 8 افراد جاں بحق

منگھو پیر میں اشرف اور شکیل جبکہ گلشن معمار میں سپاہی ہادی بخش کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

فیڈرل بی ایریا النور سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دانش عباس رضوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں مزید 8 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

منگھو پیر کی نیو میانوالی کالونی میں فائرنگ سے اشرف نامی شخص جاں بحق جبکہ بلال زخمی ہوگئے۔ رضویہ کالونی میں فائرنگ سے عقیل اس دنیا سے رخصت ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کارپینٹر تھا اور اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اسے گولی کا نشانہ بنایا گیا۔ طارق روڈ پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دم توڑ گیا۔


منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد میں گولیاں چلاکر شکیل کو جاں بحق کردیا گیا۔ گلشن معمار میں فائرنگ نے اختر گبول کی جان لے لی۔ گلشن معمار تھانے کے سپاہی ہادی بخش کو نامعلوم ملزمان نے سپر ہائی وے پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔

فیڈرل بی ایریا النور سوسائٹی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دانش عباس رضوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ملیر بکرا پیڑی جام گوٹھ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے محمد عرفان کے نام سے شناخت کرلیا گیا، پولیس کے مطابق ملزمان نے عرفان کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا۔
Load Next Story