پاناما لیکس میں شامل دیگر پاکستانیوں کےخلاف کارروائی کی درخواست مسترد

صرف شریف خاندان کا احتساب ہونا اور باقی افراد کو نظر انداز کرنا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے، درخواست گزار

پاناما لیکس میں شریف خاندان کے سوا 259 افراد کا احتساب نہیں کیا جا رہا، درخواست گزار فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے شریف خاندان کے علاوہ پاناما لیکس میں شامل دیگر افراد کے احتساب کے لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست گزار سید محمد الیاس کی جانب سے شریف خاندان کے علاوہ پاناما لیکس میں شامل دیگر افراد کے احتساب کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ د رخواست میں صدر پاکستان، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر افرادکو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار نے موقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ پاناما لیکس میں 300 سے زائد افراد کا نام آیا ہے لیکن شریف خاندان کے سوا باقی 259 افراد کا احتساب نہیں کیا جارہا جب کہ چیرمین نیب کی تعیناتی بھی قانون کے برعکس ہوئی ہے۔


درخواست گزار کا کہنا تھا کہ صرف شریف خاندان کا احتساب ہونا اور باقی افراد کو نظر انداز کرنا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے، پاناما لیکس میں شامل دیگر افراد کا بھی احتساب کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاناما لیکس میں شامل دیگر افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالتے ہوئے عدالت ان کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ تاہم اب عدالت نے شریف خاندان کے علاوہ پاناما لیکس میں شامل دیگر افراد کے احتساب کے لیے دائر کی جانے والی درخواست ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے مسترد کردی۔
Load Next Story